Breaking News

New Issue Published • November 2026 Edition Available • Submit Your Research Articles • Welcome to Qadar-ul-Kalam نیا شمارہ شائع ہوگیا • نومبر 2026 شمارہ دستیاب • تحقیقی مضامین ارسال کریں • قادرالکلام میں خوش آمدید

Thursday, November 19, 2026

اکبر الہ آبادی: فکر و فن اور عصری شعور


اکبر الہ آبادی اردو شاعری کے ایسے منفرد شاعر ہیں جنہوں نے اپنے عہد کے سیاسی، سماجی، تعلیمی اور تہذیبی مسائل کو طنز و مزاح کے پیرائے میں پیش کیا۔ ان کی شاعری میں مشرق و مغرب کی کشمکش، جدید تعلیم کے اثرات، مغربی تہذیب کی نقالی اور مشرقی اقدار کے تحفظ کا احساس نمایاں طور پر ملتا ہے۔ ان کا طنز محض ہنسانے کے لیے نہیں بلکہ معاشرتی رویوں کی اصلاح اور فکری بیداری پیدا کرنے کے لیے تھا۔ ڈاکٹر واجدہ بیگم اپنے اس مضمون میں اکبر الہ آبادی کی فکر و فن اور عصری معنویت کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے ادبی مقام اور فکری بصیرت کو واضح کرتی ہیں۔

ڈاکٹر واجدہ بیگم(اسسٹنٹ پروفیسر)  
 سید اکبر حسین الہ آبادی اردو ادب کی ان منفرد شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنھوں  نے اپنی شاعری کے ذریعے معاشرتی، تہذیبی، سیاسی اور فکری مسائل کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا۔ وہ محض طنز و مزاح کے شاعر نہیں تھے بل کہ  اپنے عہد کے حالات پر گہری نظر رکھنے والے ایک صاحبِ فکر و بصیرت ادیب بھی تھے۔ ان کی شاعری میں ہندوستانی معاشرے کی بدلتی ہوئی صورتِ حال، مغربی تہذیب کے اثرات، انگریزی تعلیم کا فروغ، مشرقی اقدار کا زوال اور نئی تہذیبی کش مکش کی بھرپور عکاسی ملتی ہے۔ اکبر نے اپنے عہد کے سماجی تضادات اور فکری انتشار کو طنز و مزاح کا وسیلہ بنا کر اس انداز میں پیش کیا کہ ان کی شاعری محض تفریح کا ذریعہ نہیں رہی بل کہ  معاشرتی اصلاح اور فکری بیداری کا ایک اہم وسیلہ بن گئی۔

سید اکبر حسین 16 نومبر 1846ء کو ضلع الہ آباد کے قصبہ بارہ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد تفضل حسین نائب تحصیل دار تھے۔ اکبر کی ابتدائی تعلیم گھر پر ہوئی۔ آٹھ نو برس کی عمر میں انھوں  نے فارسی اور عربی کی درسی کتابیں پڑھ لی تھیں۔ بعد ازاں ان کا داخلہ مشن اسکول میں کرایا گیا، لیکن گھریلو مالی حالات اچھے نہ ہونے کی وجہ سے انھیں اسکول چھوڑنا پڑا اور پندرہ برس کی عمر ہی میں ملازمت تلاش کرنا پڑی۔ اسی کم عمری میں ان کی شادی خدیجہ خاتون نامی ایک دیہاتی لڑکی سے ہوئی۔ اکبر کی ابتدائی زندگی مختلف نشیب و فراز سے عبارت تھی۔ انھوں  نے عملی زندگی کا آغاز ایک ریلوے ٹھیکیدار کے یہاں بیس روپے ماہوار کی ملازمت سے کیا، لیکن یہ ملازمت زیادہ عرصے تک برقرار نہ رہ سکی۔ اسی دوران انھوں نے انگریزی زبان میں مہارت حاصل کی اور 1867ء میں وکالت کا امتحان پاس کر لیا۔ تین سال تک وکالت کرنے کے بعد وہ ہائی کورٹ میں مسل خواں مقرر ہوئے۔ اس دوران انھیں عدالتی نظام، ججوں، وکیلوں اور مقدمات کی کارروائیوں کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا۔ 1873ء میں انھوں  نے ہائی کورٹ کی وکالت کا امتحان پاس کیا اور کچھ عرصہ بعد منصف کے عہدے پر فائز ہوئے۔

اکبر کی نجی زندگی بھی کئی پیچیدگیوں اور صدمات سے دوچار رہی۔ ان کی پہلی شادی خدیجہ خاتون سے ہوئی تھی، لیکن ازدواجی زندگی میں ہم آہنگی پیدا نہ ہو سکی۔ بعد میں انھوں  نے فاطمہ صغریٰ سے شادی کی اور پہلی بیوی کو الگ رہائش اختیار کرنے کے لیے چھوڑ دیا، تاہم ان کے اخراجات کے لیے کچھ رقم دیتے رہے۔ پہلی بیوی سے ان کے دو بیٹے تھے۔ ان کی زندگی کے ان واقعات کا ذکر سوانحی تذکروں میں مختلف انداز سے ملتا ہے۔ 1888ء میں انھیں سب آرڈینیٹ جج اور بعد ازاں مختلف عدالتی عہدوں پر ترقی ملی۔ علی گڑھ سمیت کئی مقامات پر ان کے تبادلے ہوئے۔ 1905ء میں وہ سیشن جج کے عہدے سے ریٹائر ہوئے اور اس کے بعد الہ آباد میں سکونت اختیار کر لی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی زندگی مزید ذاتی صدمات سے دوچار ہوئی۔ دوسری بیوی کے انتقال اور پھر جوان سال بیٹے کی وفات نے انھیں شدید متاثر کیا۔ ان کے ایک بیٹے عشرت حسین کو انھوں  نے اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن بھیجا۔ 1907ء میں حکومت کی جانب سے انھیں خان بہادر کا خطاب دیا گیا اور الہ آباد یونی وررسٹی کا  فیلو بھی بنایا گیا۔ آخرکار 9 ستمبر 1921ء کو ان کا انتقال ہو گیا۔

 اکبر الہ آبادی کا فکری پس منظر

اکبر الہ آبادی کی شاعری کو سمجھنے کے لیے ان کے عہد کے سیاسی، سماجی اور تہذیبی حالات کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔ انیسویں صدی کا ہندوستان ایک بڑے تاریخی انقلاب سے گزر رہا تھا۔ 1857ء کی جنگ  ِ آزادی کے بعد برطانوی اقتدار مستحکم ہو چکا تھا اور ہندوستانی معاشرے میں انگریزی تعلیم، مغربی علوم، جدید طرزِ معاشرت اور یورپی تہذیب کے اثرات تیزی سے پھیل رہے تھے۔ ہندوستان کا تعلیم یافتہ طبقہ مغربی تہذیب سے متاثر ہو رہا تھا۔ لباس، زبان، رہن سہن، تعلیم اور معاشرت کے طور طریقوں میں تبدیلیاں رونما ہو رہی تھیں۔ ایک طرف جدید علوم و فنون کے ذریعے ترقی کے نئے راستے کھل رہے تھے تو دوسری طرف اپنی تہذیبی شناخت اور روایتی اقدار کے تحفظ کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر رہا تھا۔

اکبر الہ آبادی نے اس تبدیلی کو بڑی گہری نظر سے دیکھا۔ وہ جدید علوم و فنون کے مخالف نہیں تھے بلکہ مغربی تہذیب کی اندھی تقلید اور ذہنی غلامی کے خلاف تھے۔ ان کا خیال تھا کہ کسی قوم کی ترقی کے لیے جدید تعلیم اور سائنسی علوم ضروری ہیں، لیکن اس ترقی کے نام پر اپنی تہذیب، زبان، مذہب اور اخلاقی اقدار کو فراموش کر دینا دانش مندی نہیں۔ ان کی شاعری میں یہی فکری کش مکش مختلف صورتوں میں سامنے آتی ہے۔ وہ اپنے عہد کے ایسے افراد پر طنز کرتے ہیں جو مغربی لباس، انگریزی زبان اور یورپی طرزِ زندگی اختیار کرکے خود کو ترقی یافتہ سمجھنے لگے تھے۔

مشرق و مغرب کا تصادم اور اکبر کا نقطۂ  نظر

اکبر الہ آبادی کی شاعری کا ایک بنیادی موضوع مشرق و مغرب کا تہذیبی تصادم ہے۔ ان کے زمانے میں مغربی تہذیب کو ترقی اور جدیدیت کی علامت سمجھا جانے لگا تھا۔ انگریزی تعلیم حاصل کرنے والے افراد مغربی طرزِ زندگی سے متاثر ہو رہے تھے اور بعض اوقات اپنی تہذیبی روایات کو فرسودہ سمجھنے لگتے تھے۔ اکبر نے اس ذہنی کیفیت کو اپنی شاعری میں طنز کا موضوع بنایا۔

ان کے نزدیک مغرب کی علمی، سائنسی اور فنی ترقی سے استفادہ کرنا ضروری تھا، لیکن اس کی تہذیبی نقالی اور ذہنی مرعوبیت نقصان دہ تھی۔ وہ اس بات کے خواہاں تھے کہ ہندوستانی معاشرہ اپنی انفرادی شناخت برقرار رکھتے ہوئے جدید علوم سے فائدہ اٹھائے۔ ان کی شاعری میں مغربی تہذیب کے ظاہری مظاہر، انگریزی لباس، جدید تعلیم، کلبوں کی زندگی اور معاشرتی طور طریقوں پر طنز ملتا ہے۔ اس طنز کے ذریعے وہ دراصل اپنے معاشرے کو یہ احساس دلانا چاہتے تھے کہ ترقی کا تعلق صرف ظاہری تبدیلیوں سے نہیں بلکہ فکری خودمختاری اور اخلاقی استحکام سے بھی ہے۔

اکبر کی شاعری میں مشرق و مغرب کی کش مکش کو محض تہذیبی مخالفت کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔ ان کے یہاں بنیادی مسئلہ اپنی شناخت کے تحفظ کا ہے۔ وہ مغربی علوم سے استفادے کے مخالف نہیں بل کہ مغربی تہذیب کے سامنے غیر ضروری مرعوبیت کے ناقد ہیں۔ یہی پہلو ان کے فکری شعور کو اہمیت عطا کرتا ہے۔

 جدید تعلیم اور مغربی تہذیب پر طنز

اکبر الہ آبادی نے جدید تعلیم کے فروغ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی معاشرتی تبدیلیوں کو اپنی شاعری کا اہم موضوع بنایا۔ انگریزی تعلیم کے ذریعے ہندوستانی معاشرے میں ایک نیا طبقہ پیدا ہو رہا تھا جو مغربی طرزِ فکر اور طرزِ زندگی کو اختیار کرنے میں فخر محسوس کرتا تھا۔ اکبر نے اس طبقے کی نفسیات اور اس کے تضادات کو طنز و مزاح کے ذریعے پیش کیا۔

ان کا مشہور شعر ہے  ؎

 خوش وضعی  ِ لارڈ کو تو دیکھو

 کھل گیا کالج، اٹھ گیا نالج

اس شعر میں اکبر نے مغربی وضع داری اور تعلیم کے ظاہری مظاہر پر طنز کیا ہے۔ ان کے نزدیک صرف کالج کھل جانے یا مغربی لباس اور طرزِ زندگی اپنا لینے سے حقیقی علمی ترقی حاصل نہیں ہو سکتی۔ علم کا اصل مقصد ذہنی وسعت، شعور اور کردار کی تعمیر ہے۔ اگر تعلیم انسان کو اپنی تہذیب، زبان اور اخلاقی اقدار سے دور کر دے تو اس کی افادیت محدود ہو جاتی ہے۔

اکبر نے جدید تعلیم کے ذریعے پیدا ہونے والی اس ذہنیت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جس میں ڈگری اور ملازمت کو علم و شعور سے زیادہ اہمیت دی جانے لگی تھی۔ ان کے نزدیک تعلیم کا مقصد محض معاشی آسودگی حاصل کرنا نہیں بلکہ انسان کو بہتر انسان بنانا بھی ہے۔

 اکبر کا سیاسی اور قومی شعور

اکبر الہ آبادی کی شاعری میں سیاسی شعور بھی نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ انھوں  نے برطانوی نوآبادیاتی نظام کے تحت ہندوستانی معاشرے میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کو قریب سے دیکھا تھا۔ عدالتی ملازمت کی وجہ سے انھیں سرکاری نظام اور اس کے مختلف پہلوؤں کا براہِ راست تجربہ حاصل تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری میں سرکاری ملازمت، اقتدار، سیاسی مصلحت، طبقاتی فرق اور محکومانہ ذہنیت جیسے موضوعات ملتے ہیں۔

اکبر کا طنز محض انگریزوں یا مغربی تہذیب تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ ہندوستانی معاشرے کی کم زوریوں اور تضادات پر بھی تنقید کرتے تھے۔ ان کے نزدیک قوموں کی ترقی کے لیے خودداری، فکری آزادی اور اجتماعی شعور ضروری ہیں۔ وہ ایسے معاشرتی رویوں کو پسند نہیں کرتے تھے جن میں انسان اپنی عزتِ نفس اور اصولوں کو ذاتی مفادات کے لیے قربان کر دیتا ہے۔

ان کا یہ شعر ان کے عمومی فکری مزاج کی ترجمانی کرتا ہے؎ 

لوگ کہتے ہیں بدلتا ہے زمانہ سب کو

مرد وہ ہیں جو زمانے کو بدل دیتے ہیں

اس شعر میں انسان کی قوتِ ارادی، خود اعتمادی اور حالات کے مقابلے میں فعال کردار ادا کرنے کی اہمیت بیان کی گئی ہے۔ اکبر کے نزدیک انسان کو حالات کا محض تابع نہیں ہونا چاہیے بلکہ اپنے کردار، عمل اور فکری قوت کے ذریعے حالات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرنی چاہیے۔ یہی فکر اجتماعی زندگی میں بیداری اور خود اعتمادی کا پیغام دیتی ہے۔

 اکبر الہ آبادی کا طنز و مزاح اور اصلاحی پہلو

اکبر الہ آبادی کی شاعری کا سب سے نمایاں وصف طنز و مزاح ہے۔ اردو شاعری میں طنز و مزاح کی روایت پہلے سے موجود تھی، لیکن اکبر نے اسے ایک وسیع سماجی، تہذیبی اور فکری مقصد عطا کیا۔ ان کے یہاں مزاح محض تفریح یا ہنسی کا ذریعہ نہیں بل کہ معاشرتی اصلاح اور فکری بیداری کا وسیلہ ہے۔

وہ اپنے عہد کے تعلیم یافتہ طبقے، مغربی تہذیب کے دلدادہ افراد، سیاسی مصلحت پسندوں اور معاشرتی تضادات کا ذکر ایسے برجستہ انداز میں کرتے ہیں کہ قاری ہنسنے کے ساتھ ساتھ اپنے رویوں پر غور کرنے لگتا ہے۔ ان کی شاعری میں طنز کی کاٹ بھی ہے اور مزاح کی لطافت بھی۔ وہ تلخ حقیقتوں کو اس خوب صورتی سے بیان کرتے ہیں کہ ان کا اثر دیر تک قائم رہتا ہے۔

اکبر کا طنز کسی ایک طبقے یا فرد کے خلاف نہیں بلکہ مجموعی معاشرتی رویوں کے خلاف ہے۔ وہ جہاں مغربی تہذیب کی اندھی تقلید پر تنقید کرتے ہیں، وہیں مشرقی معاشرے کی فرسودہ روایات، اخلاقی کمزوریوں اور منافقت کو بھی نظر انداز نہیں کرتے۔ اس اعتبار سے ان کا طنز یک طرفہ نہیں بلکہ اصلاحی اور تنقیدی نوعیت کا حامل ہے۔

 زبان و بیان اور فنی خصوصیات

اکبر الہ آبادی کی شاعری کی ایک بڑی خوبی ان کا منفرد اسلوبِ بیان ہے۔ انھوں  نے اردو کے روایتی شعری مزاج کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے عہد کے نئے مسائل اور موضوعات کو شاعری میں جگہ دی۔ ان کی زبان سادہ، رواں، برجستہ اور محاوراتی ہے۔ وہ روزمرہ زندگی کے الفاظ، عام بول چال کے محاورات اور انگریزی اصطلاحات کو اس خوبی سے استعمال کرتے ہیں کہ ان کے اشعار میں ایک خاص رنگ پیدا ہو جاتا ہے۔

ان کی شاعری میں فارسی اور عربی الفاظ کے ساتھ انگریزی الفاظ کا استعمال بھی ملتا ہے۔ یہ استعمال محض زبان کا تجربہ نہیں بلکہ ان کے عہد کی تہذیبی تبدیلیوں کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے اشعار میں لفظی مناسبت، معنوی تہہ داری، برجستگی اور غیر معمولی ظرافت پائی جاتی ہے۔

اکبر نے غزل کے روایتی موضوعات کے ساتھ ساتھ جدید معاشرتی مسائل کو بھی اپنے کلام میں شامل کیا۔ انھوں  نے شاعری کو زندگی کے قریب لانے کی کوشش کی اور عام انسانی تجربات کو شعری اظہار کا حصہ بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا کلام اپنے زمانے کے حالات کی دستاویز ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مستقل ادبی اہمیت بھی رکھتا ہے۔

 اکبر الہ آبادی اور عصری شعور

اکبر الہ آبادی کی شاعری کا مطالعہ آج کے دور میں بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اگرچہ ان کا زمانہ اور آج کا زمانہ بہت مختلف ہیں، لیکن ان کی شاعری میں بیان کیے گئے کئی مسائل اب بھی اپنی نئی صورتوں میں موجود ہیں۔ آج دنیا سائنس، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ اور عالمی معیشت کے اثرات سے تبدیل ہو رہی ہے۔ انسانی زندگی کے تقریباً تمام شعبوں میں جدیدیت کے اثرات محسوس کیے جاسکتے ہیں۔

اس صورتِ حال میں اکبر کا فکری پیغام ہمیں یہ سوچنے کی دعوت دیتا ہے کہ جدید ترقی کے ساتھ اپنی تہذیبی اور لسانی شناخت کو کس طرح برقرار رکھا جائے۔ آج بھی بعض معاشرتی رویوں میں انگریزی زبان کو قابلیت کا واحد معیار سمجھنے، اپنی مادری زبانوں کو کمتر تصور کرنے اور بیرونی طرزِ زندگی کی غیر ضروری نقالی کرنے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ اکبر کی شاعری ایسے رویوں کا تنقیدی جائزہ لینے میں ہماری مدد کرتی ہے۔

تاہم ان کے افکار کو ان کے تاریخی پس منظر میں سمجھنا ضروری ہے۔ آج مغربی علوم و فنون اور جدید ٹیکنالوجی انسانی ترقی کے اہم ذرائع ہیں۔ اس لیے اکبر کے خیالات سے استفادے کا مطلب جدید علوم کی مخالفت نہیں بلکہ ان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تہذیبی شناخت اور فکری خودمختاری کو برقرار رکھنا ہے۔ یہی ان کے عصری شعور کی سب سے اہم جہت ہے۔

اکبر الہ آبادی اردو شاعری کی ایک ایسی منفرد شخصیت ہیں جنھوں  نے اپنے عہد کے سیاسی، سماجی، تہذیبی اور تعلیمی مسائل کو طنز و مزاح کے ذریعے نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا۔ ان کی شاعری میں مشرق و مغرب کی کشمکش، جدید تعلیم کے اثرات، مغربی تہذیب کی اندھی تقلید، قومی خودداری اور اخلاقی اقدار کے تحفظ جیسے موضوعات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انھوں  نے اپنے عہد کے معاشرے کو اس کی کمزوریوں کا احساس دلایا اور فکری بیداری کی راہ ہموار کی۔

ان کا اصل کارنامہ یہ ہے کہ انھوں  نے طنز و مزاح کو محض تفریح کا ذریعہ نہیں رہنے دیا بلکہ اسے ایک سنجیدہ ادبی اور اصلاحی مقصد عطا کیا۔ ان کی شاعری میں اپنے زمانے کی تاریخ بھی محفوظ ہے اور آنے والے زمانوں کے لیے فکری رہنمائی بھی موجود ہے۔ آج جب عالمگیریت اور جدید ٹیکنالوجی کے اثرات ہماری تہذیب، زبان اور معاشرت کو مسلسل تبدیل کر رہے ہیں، اکبر الہ آبادی کی شاعری ہمیں ترقی اور تہذیبی شناخت کے درمیان توازن قائم رکھنے کا درس دیتی ہے۔

بلاشبہ اکبر الہ آبادی کا فن اور فکر اردو ادب کا ایک قیمتی سرمایہ ہے۔ ان کی شاعری کا مطالعہ نہ صرف انیسویں اور بیسویں صدی کے ہندوستانی معاشرے کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے بلکہ آج کے انسان کو بھی اپنے فکری اور تہذیبی رویوں کا جائزہ لینے کی دعوت دیتا ہے۔ یہی ان کی شاعری کی زندہ معنویت اور عصری اہمیت ہے۔

مآخذ و مراجع

اکبر الہ آبادی۔ اکبر الہ آبادی۔ مرتبہ احمد محفوظ، ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، 2002ء۔

****

Dr.Wajida Begum, 

Associate Professor , Anwarul uloom College, Degree college , Hyderabad . 

+91 7995897212

***

اکبر الہ آبادی کی شاعری اپنے عہد کے سماجی، تہذیبی اور فکری حالات کی عکاسی کرنے کے ساتھ آج کے انسان کو بھی غور و فکر کی دعوت دیتی ہے۔ جدید علوم و ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی زبان، تہذیب اور شناخت کا تحفظ ان کے فکر و فن کا ایک اہم پیغام ہے۔

ڈاکٹر واجدہ بیگم کا یہ مضمون اکبر الہ آبادی کی شاعری کی عصری معنویت اور اصلاحی فکر کو سمجھنے کی ایک اہم کاوش ہے۔

📚 مزید علمی، ادبی اور تحقیقی مضامین کے لیے قادرالکلام ماہنامہ کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔

🌐 https://www.qadirulkalam.com/

قادرالکلام ماہنامہ، حیدرآباد (انڈیا)
ISSN: 3139-1028
Vol. 02 | Issue 02 | November 2026

No comments:

Post a Comment

عصمت چغتائی اور ہندی سنیما

عصمت چغتائی اردو ادب کی ان منفرد تخلیق کاروں میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے اپنے افسانوں اور ناولوں کے ذریعے ہندوستانی معاشرے کے پیچیدہ مسائل، ع...