مولانا ابوالکلام آزاد ہندوستان کی ان ممتاز شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے علم و ادب، صحافت، سیاست اور قومی زندگی کے مختلف میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ ہندو مسلم اتحاد، مذہبی رواداری، مشترکہ قومیت اور آزادیِ وطن کے مضبوط حامی تھے۔ زیرِ نظر مضمون میں ڈاکٹر دانشہ نے مولانا آزاد کی شخصیت، افکار و نظریات اور قومی یکجہتی کے لیے ان کی جدوجہد کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ پیش کیا ہے۔
ڈاکٹر دانشہ(اسسٹنٹ پروفیسر، آگرہ)
دنیا میں یوں تو لاکھوں لوگ روز پیدا ہوتے ہیں اور روایتی دھارے پر اپنی زندگی گزار کر وقتِ مقررہ پر داعیٔ اجل کو لبیک کہہ جاتے ہیں، لیکن خالقِ کائنات انسانی طبقے میں کچھ ایسی عبقری ہستیاں بھی پیدا کرتا ہے جو فکر و نظر کی سطح پر دنیا میں ایک منفرد اور ممتاز مقام رکھتی ہیں۔ ایسی ہی ایک شخصیت مولانا ابو الکلام آزاد کی بھی ہے۔ مولانا ابوالکلام آزاد کا شمار ان عبقری شخصیات میں ہوتا ہے جن کی زلفِ تاریخ کو خود زمانہ سنوارتا ہے۔ ہر راہ میں ان کے نقوشِ قدم روشن ہیں اور فکر و عمل کے ہر میدان میں وہ سالارِ کارواں نظر آتے ہیں۔ خواہ وہ علم و ادب ہو، سیاست ہو، دین و شریعت ہو یا صحافت۔
صحافت کے میدان میں قدم رکھا تو ’’الہلال‘‘ اور ’’البلاغ‘‘ کے ذریعہ صحافت کو نئے آفاق، جرأتِ رندانہ اور فکر انگیز اسلوب سے روشناس کیا۔ فکر و ادب کی طرف مائل ہوئے تو اپنی سحر انگیز تحریروں سے علمی و ادبی دنیا میں اپنا لوہا منوایا۔
مولانا ابوالکلام آزاد 11 نومبر 1888ء کو مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا تاریخی نام فیروز بخت، اصل نام محی الدین احمد، کنیت ابوالکلام اور تخلص آزاؔد تھا۔ ان کے والد مولانا خیرالدین ہندوستان کے ایک معزز اور علمی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، جبکہ والدہ مدینہ منورہ کے ایک بلند مرتبہ خاندان کی چشم و چراغ تھیں۔
وہ صرف ایک فردِ واحد ہی نہیں بلکہ بذاتِ خود ایک ہمہ گیر اور عالمگیر تحریک تھے۔ انھوں نے اپنی قوم کو بیدار، متحرک، خود دار اور باوقار بنانے کے لیے پیہم جدوجہد کی۔ ان کی دور رس، تیز گام اور حقیقت شناس نگاہوں نے زمانے کے آنے والے تحرک اور رخ کو قبل از وقت پہچان لیا تھا۔ ان کے قول و فعل میں سرم و تضاد نہ تھا۔ وہ جو سوچتے تھے وہی کہتے تھے اور جس پر ایمان لاتے تھے اسی پر استقامت سے ڈٹ جاتے تھے۔ ان کی سحر انگیز تصنیفات اور بلند پایہ علمی کاوشوں میں ہی نہیں، بلکہ ان کی عظمت ِ کردار کا تاب ناک عکس ان کے ارشادات اور اقوال کے آئینے میں بھی بدرجۂ اتم دیکھا جا سکتا ہے۔
آزاد ہندوستان کے پہلے وزیرِ تعلیم کی حیثیت سے انھوں نے ملک کے تعلیمی نظام کو ایک بہتر معیار اور نئی سمت عطا کی، اور اس میں اہم اصلاحات کی کوششیں کیں۔ وہ ایک بلند پایہ مفکر اور مدبر تھے جنھیں سیاست، سماج اور تعلیم کی گہری سمجھ حاصل تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کی بڑی بڑی شخصیات اور اعلیٰ قیادت ان کی صلاحیتوں کی معترف تھی، جن میں مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو اور سردار پٹیل جیسی صفِ اوّل کی ہستیاں شامل ہیں۔
ملک کے پہلے وزیرِ اعظم جواہر لال نہرو، مولانا ابوالکلام آزاد کی سیاسی بصیرت سے بے حد متاثر تھے۔ اس حقیقت کا برملا اعتراف کرتے ہوئے وہ رقم طراز ہیں:
’’میں صرف عملی سیاست ہی نہیں جانتا، سیاست کا طالب علم بھی ہوں۔ علم سیاست کی کتابیں مجھ سے زیادہ ہندوستان میں کسی اور نے نہیں پڑھیں۔ میں تیسرے چوتھے سال یورپ کا بھی دورہ کرتا ہوں جہاں سیاست کا قریب سے مطالعہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ میں نے سیاست کے تازہ ترین علم سے واقفیت حاصل کر لی ہے۔ لیکن جب ہندوستان پہنچ کر مولانا ابوالکلام آزاد سے باتیں کرتا ہوں تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ اب بھی بہت آگے ہیں۔‘‘ 1؎
مولانا ابوالکلام آزاد ایک انتہائی ذہین، باشعور، حق پرست اور پرعزم شخصیت کے حامل تھے۔ ان کا دل حب الوطنی اور جذبۂ قوم پرستی سے سرشار تھا۔ مولانا ہند و مسلم اتحاد کے شدید حامی تھے اور ان کی دلی تمنا تھی کہ مسلم قوم بھی عملی طور پر سیاست میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے انہوں نے تاحیات مسلسل جدوجہد کی۔ اگرچہ آزاد، سر سید احمد خاں کی علمی و ادبی تحریروں سے گہرا اثر رکھتے تھے، لیکن مسلمانوں کو سیاست سے دور رکھنے کی ان کی پالیسی کے سخت مخالف تھے۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے اپنے رسالے ’’الہلال‘‘ میں سر سید کی اس پالیسی کی کھل کر مخالفت کی اور مذہب کا حوالہ دے کر اپنے فکری نظریات کو عوام کے سامنے پیش کیا۔ آزاد ’’الہلال‘‘ میں لکھتے ہیں کہ:
’’اسلام آزادی کا علم بردار ہے، لہٰذا مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے مذہب کی تعلیم پر عمل کرتے ہوئے دوسری قوموں کے ساتھ مل کر آزادی کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔‘‘ 2؎
مولانا ابوالکلام آزاد بہرصورت غلامی کی زنجیروں سے جکڑے ہوئے اقوام ہند اور ہندوستان کو آزاد کرانے کے تمنائی تھے لیکن وہ تقسیم ہند کے شدید مخالف تھے، اور وہ ملک کی آزادی پر ہند و مسلم قومی اتحاد کو ترجیح دیتے تھے۔ اس ضمن میں ان کا ایک قول بہت مشہور ہے جو انہوں نے 15 ستمبر 1923ء کو دہلی میں منعقدہ انڈین نیشنل کانگریس کے خصوصی اجلاس کے موقع پر فرمایا تھا۔ انھوں نے اپنے اس یادگار صدارتی خطبے میں ہندو مسلم اتحاد اور باہمی یگانگت کو ملک کی آزادی (سوراج) سے بھی زیادہ اہم اور پوری انسانیت کے لیے ضروری قرار دیا تھا :
’’آج اگر ایک فرشتہ آسمان کی بلندیوں سے اتر آئے اور دہلی کے قطب مینار پر کھڑا ہو کر یہ اعلان کر دے کہ سوراج چوبیس گھنٹوں کے اندر مل سکتا ہے بشرط یہ کہ ہندوستان ہندو مسلم اتحاد سے دست بردار ہو جائے تو میں سوراج سے دست بردار ہو جاؤں گا ۔ اگر سوراج ملنے میں تاخیر ہوگی تو یہ ہندوستان کا عظیم نقصان ہوگا ۔لیکن اگر ہمارا اتحاد جاتا رہا تو یہ عالم انسانیت کا نقصان ہوگا۔‘‘
مولانا ابوالکلام آزاد ’’الہلال‘‘ کے ذریعہ سے ہندوستانی مسلمانوں کو آزادی کی جد و جہد کی طرف متوجہ کراتے ہوئے مزید لکھتے ہیں:
’’یاد رکھیے کہ ہندوؤں کے لیے ملک کی آزادی کے لیے جد و جہد کرنا داخل حب الوطنی ہے، مگر آپ کے لیے ایک فرض دینی اور داخل جہاد فی سبیل اللہ۔‘‘
مولانا آزاد نے اپنی صحافت کا آغاز نام و نمود کی خاطر نہیں کیا تھا، بلکہ ان کے نزدیک صحافت ہی ایک ایسا ذریعہ تھی جس سے باہمی اتحاد کو مضبوط کیا جا سکتا تھا۔ چنانچہ وہ اپنے رسالے ’’الہلال‘‘ میں رقم طراز ہیں:
’’اگر یہ میرے تمام کام محض ایک تجارتی کاروبار اور دوکاندار انہ شغل ہیں۔ جن میں قومی خدمت اور ملت پرستی کے نام سے گرم بازاری پیداد کرنا چاہتا ہوں تو قبل اس کے کہ اپنی جگہ سنبھل سکوں وہ میری عمر کا خاتمہ کر دے اور میرے تمام کاموں کو ایک دن بلکہ ایک لمحہ کے لیے بھی کامیابی کی لذت چکھنے نہ دے۔‘‘ 3؎
مولانا آزاد نے ’’دو قومی نظریے‘‘ کی شدید مخالفت کی۔ انہوں نے اپنی پرجوش اور دل نشین تقریروں کے ذریعے مسلمانوں کو بیدار کرنے کی کوشش کی، مگر افسوس کہ ان کی آواز پر کان نہ دھرے گئے۔ آج بھی جب ہم ان کے خطبات پڑھتے ہیں، تو احساس ہوتا ہے کہ انہوں نے ایک دلسوز، غمخوار اور شفیق رہنما کی حیثیت سے قوم کو غفلت کی نیند سے جگانا چاہا تھا، مگر ان کی ’’بانگِ درا‘‘ صحرا میں صدا بن کر رہ گئی۔
’’تمہیں یاد ہے میں نے تمہیں پکارا، تم نے میری زبان کاٹ لی۔ میں نے قلم اٹھایا اور تم نے میرے ہاتھ قلم کردیے۔ میں نے چلنا چاہا ، تم نے میرے پاؤں کاٹ دیے۔ میں نے کروٹ لینی چاہی تم نے میری کمر توڑ دی لیکن تم نے میری صدا سے نہ صرف احتراز کیا بلکہ غفلت و انکار کی ساری سنتیں تازہ کر دیں۔ ‘‘ 4؎
مولانا آزاد ایک سچے محبِّ وطن تھے اور انہوں نے ملک کو آزاد کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ ان کا پختہ ایمان تھا کہ ہندو مسلم اتحاد کے بغیر آزادی حاصل نہیں ہو سکتی، اور اس مقصد کے لیے قوم میں آزادی کا جذبہ بیدار کرنا ضروری تھا۔ ان کا خیال تھا کہ مسلمانوں کی سیاست سے دوری اور آپسی نااتفاقی کی وجہ سے انگریزی حکومت کو طاقت مل رہی ہے۔
ہندوستان میں مختلف مذاہب، زبانوں اور رسم و رواج کے لوگ آباد ہیں۔ مولانا آزاد کا کہنا تھا کہ ہمارا مذہب الگ ہو سکتا ہے، لیکن قوم کے ناطے ہم سب ایک ہیں۔ انھوں نے اپنے تحریر و تقریر کے ذریعے یہ پیغام لوگوں تک پہنچایا۔ وہ بار بار یاد دلاتے تھے کہ جس طرح 1857ء میں ہندوؤں اور مسلمانوں نے مل کر انگریزوں کے خلاف جدوجہد کی تھی، اسی طرح ہمیں ایک بار پھر متحد ہونا پڑے گا، کیونکہ باہمی اتحاد کے بغیر آزادی ناممکن ہے۔
اس مختصر مضمون میں ان کی ہمہ گیر شخصیت کا احاطہ ممکن نہیں، صرف چند اشارے ہی کیے جا سکتے ہیں۔ انھوں نے اپنی علمی، فکری اور ادبی کاوشوں سے ہمارے ادب کا وقار، زبان کی بلاغت اور قوم کی حریتِ فکر کو ایک نیا موڑ دیا۔ ان کی تاریخ ساز ادبی اہمیت، خطابت اور نثری و فکری خدمات کا اعتراف پوری دنیائے ادب و سیاست کو ہے۔
مولانا ابوالکلام آزاد کی پوری زندگی اتحادِ انسانی، قومی یکجہتی، مذہبی رواداری، حب الوطنی اور حریتِ فکر کا ایک روشن باب ہے۔ انھوں نے اپنے علم و فضل، قلم کی قوت، خطابت کی تاثیر اور سیاسی بصیرت کے ذریعے ہندوستانی عوام کو یہ درس دیا کہ قوموں کی حقیقی طاقت ان کے باہمی اتحاد، اخوت اور مشترکہ جدوجہد میں مضمر ہے۔ ان کا تصورِ قومیت مذہبی اختلافات سے بالاتر ہوکر مشترکہ تہذیب، مشترکہ وطن اور مشترکہ قومی مفادات پر استوار تھا۔ وہ جانتے تھے کہ نفرت کی بنیاد پر قومیں تقسیم تو ہو سکتی ہیں، مگر ترقی اور استحکام کی منزل حاصل نہیں کر سکتیں۔ آج جب سماج مختلف نوعیت کے تعصبات، مذہبی منافرت اور انتشار کے مسائل سے دوچار ہے، مولانا آزاد کے افکار و نظریات کی معنویت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کے پیغامِ اتحاد و یگانگت کو محض تاریخ کے اوراق تک محدود نہ رکھیں، بلکہ اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ بلاشبہ، مولانا ابوالکلام آزاد کی فکر ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ وطن کی عظمت اس کی کثرت میں وحدت، اختلاف میں احترام اور تنوع میں ہم آہنگی سے عبارت ہے۔ ان کا پیغام آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے اور آنے والی نسلوں کو یہ درس دیتا رہے گا کہ قومی یکجہتی ہی ایک مضبوط، پُرامن، متحد اور خوش حال ہندوستان کی سب سے بڑی بنیاد ہے۔
-----------
حوالہ جات :
1 ’’ ابوالکلام آزاد: ایک ہمہ گیر شخصیت‘‘، رشید الدین خاں، صفحہ 12
2 رسالہ ’’الہلال‘‘ ، کلکتہ، دسمبر 1918
3 احمد سعید ملیح آبادی، بہ حوالہ ’’مولانا ابوالکلام آزاد، عظیم صحافی، عظیم رہنما‘‘، مطبع کلاسک آرٹ پریس دہلی، 2013 ص: 19
4 رشید الدین خان، بحوالہ ’’مولانا ابوالکلام آزاد، شخصیت، سیاست، پیغام‘‘ مطبع جے کے آفسیٹ پرنٹرس
جامع مسجد ، نئی دہلی ، 2000 ص28
Dr. Danisha
(Assistant Professor)
Department of Urdu
St. John's College, Agra
***
مولانا ابوالکلام آزاد کا پیغامِ قومی یکجہتی آج بھی ہندوستانی سماج کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے نزدیک وطن کی حقیقی ترقی باہمی اتحاد، مذہبی رواداری، مشترکہ تہذیب اور ایک دوسرے کے احترام میں مضمر ہے۔ ان کی فکر ہمیں اختلافات کے باوجود اتحاد اور مشترکہ قومی ذمہ داری کا احساس دلاتی ہے۔
ڈاکٹر دانشہ کا یہ مضمون مولانا آزاد کے افکار اور قومی یکجہتی کے تصور کو سمجھنے کی ایک اہم علمی و تحقیقی کوشش ہے۔
📚 مزید علمی، ادبی اور تحقیقی مضامین کے لیے قادرالکلام ماہنامہ کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔
🌐 https://www.qadirulkalam.com/
قادرالکلام ماہنامہ، حیدرآباد (انڈیا)
ISSN: 3139-1028
Vol. 02 | Issue 02 | November 2026

No comments:
Post a Comment