عصمت چغتائی اردو ادب کی ان منفرد تخلیق کاروں میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے اپنے افسانوں اور ناولوں کے ذریعے ہندوستانی معاشرے کے پیچیدہ مسائل، عورت کی زندگی، طبقاتی تفریق اور انسانی رشتوں کی حقیقتوں کو بے باکی سے پیش کیا۔ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کا دائرہ ادب تک محدود نہیں رہا، بلکہ ہندی سنیما میں بھی انہوں نے کہانی، مکالمہ نگاری، اسکرین پلے، ہدایت کاری اور اداکاری کے میدان میں اپنی شناخت قائم کی۔ زیرِ نظر مضمون اسی فلمی سفر کا جائزہ لیتا ہے۔
فرخ لودی (ریسرچ اسکالر )
اردو ادب میں عصمت چغتائی کی شناخت ایک ایسی قلم کار کی ہے جس نے ان گوشوں سے بھی بے جھجھک پردہ اٹھایا جن سے ہندوستانی معاشرہ نظریں چراتا ہے"عصمت چغتائی 21اگست 1915ء کو بدایوں میں پیدا ہوئیں".1
ان کے افسانوں اور ناولوں میں اندرون خانہ،متوسط مسلم طبقے کی لڑکیوں کی گھٹن،ان کی دبی ہوئی خواہشیں، رشتوں کی کشمکش اور سماج کے منافقانہ رویہ سے پردہ اٹھتا ہے۔وہ سماج کی ہمدردی کی بالکل بھی خواہاں نہیں رہیں بلکہ وہ خالص آزادانہ سوچ کی حامل تھیں،جو چاہتی وہ تحریر کرتیں اور اپنے فیصلوں کی قیمت بھی چکاتی تھیں ، 24 اکتوبر 1991ء کو وہ دنیا سے رخصت ہوئیں۔
مگر ان کی تحریریں آج بھی اپنے قاری کو چونکاتی اور سوچنے پر مجبور کرتی ہیں ، عمومی خیال یہ ہے کہ وہ افسانہ نگار اور ناول نگار ہیں، لیکن ان کی زندگی کا ایک حصہ فلمی دنیا سے بھی وابستہ رہاہے۔ فلموں کے لیے انہوں نے مکالمے لکھے، کہانیاں اور اسکرین پلے تیار کیے، فلم سازی اور ہدایت کاری کے عمل میں حصہ لیا اور آخر میں کیمرے کے سامنے بھی آئیں۔ یوں فلم ان کے لیے محض معاش کا ذریعہ ہی نہیں رہی، بلکہ اظہار کا ایک اور میدان بن گئی۔عصمت کے فلمی کام کو سمجھنے کے لئے ضروری ہے ان مسائل کو جاننا جن مسائل پر وہ کہانیاں لکھتی تھیں، یعنی عورت کی بے بسی، طبقاتی تفریق،مجبوری،اور غربت کیوں کہ وہی مسائل ان کی فلمی وابستگی میں بھی دکھائی دیتے ہیں۔









