مولانا ابوالکلام آزاد کی فکر میں تعلیم اور سائنس کو انسانی ترقی اور قومی فلاح کا اہم ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ سعدیہ فاطمہ کے اس مضمون میں مولانا آزاد کے سائنسی مزاج، جدید تعلیم کے فروغ اور ہندوستان میں سائنس و تکنیکی تحقیق کے لیے ان کی خدمات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
سعدیہ فاطمہ(مہاراشٹر )
شکر رب کا کہ اس نے ہمیں علم کی عظیم نعمت سے نوازا ہے، ہندوستان میں انیسویں اور بیسویں صدی میں کئی عظیم شخصیات پیدا ہوئیں۔ مولانا ابوالکلام آزاد جیسی عظیم شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے۔مولانا ابوالکلام آزاد مکہ کے مقدس تاریخی شہر میں 11 نومبر 1888ء کو پیدا ہوئے۔ آپ ممتاز فاضل مولانا خیرالدین کے صاحبزادے تھے۔
مولانا ابوالکلام آزاد کا اصل نام ’’احمد خاں‘‘ تھا۔ بعد میں انھوں نے اپنا نام ابوالکلام غلام محی الدین رکھا اور ادبی دنیا میں ابوالکلام آزاد کے نام سے مشہور ہوئے۔
ان کا مکمل نام عموماً مولانا سید ابوالکلام غلام محی الدین آزاد لکھا جاتا ہے ان کی پیدائش 11 نومبر 1888ء کو مکہ مکرمہ میں ہوئی تھی ، مولانا آزاد کے والد ہندوستان آئے تو مولانا آزاد کی عمر چھ سات سال کی تھی ۔ کچھ سالوں تک ان کی رہائش ممبئی میں رہی کچھ عرصہ بعد کلکتہ چلے گئے تاریخ کا یہ حوالہ اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ باوجود اس کے کہ مولانا آزاد کی پرورش خوش حال گھرانے میں ہوئی مگر ان کی فکر و نظر بہت اونچی تھی۔ انھوں نے بے فکری کے زمانے کو کھیل کود میں نہیں گزارا تعلیم کو ابتدا ہی سے کامیاب زندگی کا مقصد سمجھا محی الدین احمد ابو الکلام آزاد کی شخصیت قدرت کا عظیم شاہ کار تھی ۔ مولانا ابوالکلام آزاد شروع ہی سے ایک ذہین شخصیت اور ہمہ گیر صلاحیتوں کے مالک تھے۔ ان کا زیادہ تر بچپن گھر کی چار دیواری میں گزرا ۔ان کی دنیا تعلیم کھیل کود اور سیر و تفریح تمام کی تمام ان کا مکان اور ان کے والد کے حلقہ تربیت تھی۔ ابتدا میں مولانا آزاد نے اپنے والد ہی کی نگرانی میں عربی فارسی سیکھنی شروع کی۔ بعد میں ان کے والد نے مشہور قابل اساتذہ کو مقرر کیا جو گھر پر ہی ان کو درس دیا کرتے تھے۔ ان کی تمام تر تعلیم روایتی طریقے پر ہوئی جہاں آزادی فکر اور آزادی عمل کے لیے کوئی جگہ نہ تھی۔ ماحول کی سختی اور کڑی نگرانی نے ان میں انقلابی عزائم پیدا ہوئے چوں کہ ذہانت اور استعداد فطرتاً ان میں موجود تھی چناں چہ کم عمری سے ہی ان کا ذہن کسی نئے علم و تلاش کی جستجو میں لگا رہتا تھا۔
ان کو فلسفہ اقلیدس اور ریاضی و الجبرا پڑھانے الگ الگ مدرسین مقرر کئے گئے تھے ، تیرہ، چودہ سال کی عمر کو پہنچنے تک علم کیمیا اور علم فلکیات کا تفصیلی مطالعہ کر چکے تھے اور علم منطق اور طب کی تعلیم حاصل کر لی تھیو۔ عام طور پر درس نظامی کی تکمیل کے لیے تیرہ چودہ سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے لیکن انھوں نے چار سال کی مدت میں جب کہ وہ پندرہ سال کے تھے درس نظامی کی تکمیل کی۔ ابتدا میں شعر کہتے تھے لیکن صحافی، ادب ، انشاء پرداز ، مقرر ، مفکر ، مفسر قران تحریک آزادی کے سپاہی قوم و ملت کے رہنما اور سیاست داں جیسی حیثیتوں میں انھوں نے ممتاز منفرد مقام حاصل کیا۔ مولانا نے اپنی عملی زندگی کی شروعات ایک صحافی کی حیثیت سے کی۔ صحافت کے ذریعے انھوں نے مسلمانوں کے سیاسی شعور کو بیدار کیا۔ تحریک آزادی میں ہم وطنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کی ترغیب دی اور آزاد ہندوستان کی اہمیت اور اس کے تصور کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں توہم پرستی سے چھٹکارا دلانے ، سائنسی فکر کو عام کرنے ، سائنس کی تعلیم کے اصول کی ترغیب دینے اور سائنسی علوم کو فروغ دینے کے لیے خدمات انجام دیں۔ مولانا ابوالکلام آزاد بپ حیثیت اولین وزیر تعلیم جو کارنامے انجام دیے ہیں وہ نا قابل فراموش ہیں۔ آزادی ہند کے ۸۰ سال گزر جانے کے بعد بھی وہی نظام تعلیم، ان ہی کے قائم کردہ تعلیمی ادارے سائینس اور ٹکنالوجی کے میدان میں کامیابی کے ساتھ کارگر ہیں۔ عالم اسلام کی ایک نام ور ہستی اور ایک عظیم مفکر ابن ِ خلدون کی تعلیمات نے ان کی ذہنی ارتقا میں مدد کی اور یہ بتایا کہ اسلام کی روح تک پہنچنے کا واحد ذریعہ صرف اور صرف تعلیم ہے۔ یہ نقطہ ہمیشہ کے لیے ان کے ذہن نشین ہوگیا۔ وزارت تعلیم کے عہدے پر فائز رہنے کے دوران کئی منصوبوں کو روبہ عمل لائے تاکہ ملک کے ناخواندہ بالغان استفادہ کرسکیں۔ سائنس کو ہماری زندگی میں مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے مزید یہ کہ صحت مند بین الاقوامی تعاون کا جذبہ پیدا ہو، غرض کے تعلیم کا کوئی گوشہ مولانا ابوالکلام آزاد کی فکر ونظر سے اوجھل ہوا ہو ۔ انھوں نے نظام تعلیم میں بنیادی تبدیلیاں لائیں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک صحیح راستے کا تعین کیا۔
ہندوستان میں آزادی سے قبل ستمبر 1946ء میں عبوری حکومت کا قیام عمل میں آیا۔ ابتداء میں مولانا ابوالکلام آزاد اس حکومت میں شامل نہیں تھے۔ وزیراعظم جواہر لال نہرو کے اصرار پر 15 جنوری 1947ء کو وزارت میں شامل ہوئے اور مہاتما گاندھی کے مشورے پر انھوں نے وزیر تعلیم کا قلم دان سنبھالا۔ بعد میں سائنس اور کلچر کی زائد ذمے داری بھی انھیں سونپی گئی۔ 1952ء میں جب پہلے عام انتخابات عمل میں آئے تو اس کے بعد مولانا آزاد وزیر تعلیم قدرتی وسائل اور سائنسی تحقیقات مقرر ہوئے ۔ 1957ء کے دوسرے عام انتخابات کے بعد انھوں نے دوبارہ وزیر تعلیم اور سائنسی تحقیقات کی وزارت کا قلم دان سنبھالا۔ اس وزارتی عہدے پر وہ 22/ فروری 1958ء میں اپنی وفات تک قائم رہے۔ مولانا ابوالکلام آزاد کے 11 سالہ دور وزارت ، ہندوستان کے تعلیمی ارتقاء کی تاریخ میں نہایت اہمیت رکھتا ہے ۔ فنی تعلیم کی کل ہند مجلس کی تنظیم جدید ، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کا قیام ، کونسل فار سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (CSIR) کو متحرک کرنا اور ان کے تحت سائنسی تحقیقات کی قومی اداروں کے قیام کا عمل میں لانا ، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائینس بنگلور کو تیزی کے ساتھ ترقی دینا جیسے اہم امور اسی دور میں انجام پائے ، یہاں یہ بات بڑی اہمیت رکھتی ہیں کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائینس کا قیام آزادی سے قبل ہی عمل میں آیا تھا۔ لیکن آزادی کے بعد اس ادارے نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی اعلی تعلیم و تحقیق کے ایک مرکز کی حیثیت اختیار کر لی۔ اس طرح مولانا آزاد نے ملک میں ابتدائی تعلیم سے لے کر اعلی تعلیم بشمول سائنس ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم کے اصول کا اہتمام کیا۔ سائینسی تحقیقات اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے درکار پروگرام اور منصوبے بنائے اور انہیں پایہ تکمیل کو پہنچانے کے لیے کئی ایک سائنسی، صنعتی، تحقیقی و تربیتی اداروں کا قیام عمل میں آیا جن میں انفرااسٹرکچر اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کو اولین فوقیت حاصل رہی ۔
مولانا ازاد کو شدت سے اس بات کا احساس تھا کہ فنی تعلیم کے بغیر ملک میں صنعتی ترقی نہیں ہو سکتی اور معاشی ترقی کے لیے فنی تعلیم میں توسیع کا دیا جانا بے حد ضروری ہے۔ مولانا آزاد ان باتوں کا اظہار، تعلیم سے متعلق اپنی بیشتر تقریروں میں کر چکے ہیں۔ چناں چہ انھوں نے 1951ء میں اپنے ایک خطاب میں فنی تعلیم سے متعلق کچھ اس طرح اظہار خیال کیا تھا کہ ’’وزارت تعلیمات کا جائزہ حاصل کرتے ہی پہلا فیصلہ جو میں نے کیا وہ یہ تھا کہ ملک میں اعلیٰ فنی تعلیم کے حصول کے لیے سہولت فراہم کی جائے۔ تاکہ خود ہم اپنی اکثر ضرورتوں کو پورا کر سکیں۔ ہمارے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے جو ملک سے باہر جاتی تھی خود ملک میں یہ تعلیم حاصل کر سکتی ہے میں اس دن کا منتظر تھا اور اب بھی ہوں جب ہندوستان میں فنی تعلیم کی سطح اتنی بلند ہو جائے کہ باہر سے لوگ ہندوستان اس غرض سے آئیں گے کہ اعلیٰ سائنس اور فنی تعلیم و تربیت حاصل کریں ۔
سائنسی اور تکنیکی تعلیم کو اہمیت دی مولانا آزاد جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کی اہمیت سے بخوبی واقف تھے وہ چاہتے تھے کہ ہندوستان کا تعلیمی نظام جدید سائنسی علوم سے ہم آہنگ ہو ان کی وزارتِ تعلیم کے دور میں اعلیٰ تعلیم، تکنیکی تعلیم اور تحقیقی اداروں کی بنیاد مضبوط ہوئی۔
صدرِ جمہوریہ کے ایک خطاب میں بھی اس امر کی نشان دہی کی گئی ہے کہ مولانا آزاد نے یونی ورسٹی گرانٹس کمیشن (UGC)، انڈین انسٹی ٹیوٹس آف ٹیکنالوجی (IITs) اور دیگر اہم تعلیمی اداروں کے قیام کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ۔
1957ء کی ابتداء میں حکومت ہند نے Scientific Manpower Committeeکا تقرر عمل میں لایا اور ملک کے حرکیاتی سائنس داں ڈاکٹر ایس ایس بھٹناگر کو اس کا صدر مقرر کیا تھا۔ اس کمیٹی کے تحت سائنس اور ٹیکنالوجی کی تحقیق میں سروے کرتے ہوئے اس بات کا اندازہ لگانا تھا کہ 1947ء سے 1957ء تک ملک کو کتنے فنی عملے کی ضرورت پیش آئے گی اور اس مقصد کے حصول کے لیے کونسے تدابیر اختیار کیے جائیں، اس کمیٹی نے ایک پنج سالہ منصوبے کی سفارش کی اور چند تجاویز پیش کیے۔ ان تجاویز کو روبہ عمل لایا گیا جس کے نتیجے میں فنی تعلیم کی سہولتوں میں کافی اضافہ ہوا اور اس کے حصول کی نئی راہیں کھل گئیں ، مولانا ابوالکلام آزاد کا یہ ماننا تھا کہ پنج سالہ منصوبے کا مقصد صرف زرعی پیداوار ، صنعت و حرفت ، بجلی ، ذرائع آمد و رفت اور دوسرے زمروں میں ترقی کرنا ہی نہیں ہے بلکہ اس میں یہ خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ اہل ملک اور نئی نسل کی ذہنی تربیت صحیح طور پر ہو تاکہ انہیں اچھے شہری بننے کا موقع مل سکے کیوں کہ تعلیمی ترقی ہی میں ملک کی ترقی مضمر ہے ۔ وہ یہ جانتے تھے بل کہ اس کا اظہار بھی کیا کرتے تھے کہ ملک میں سائنس یا دوسری قسم کی استعداد کی کوئی کمی نہیں صرف یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ اس کو کس طرح بروئے کار لایا جائے یہی وجہ ہے کہ سائنسی اور تکنیکی تعلیم کی طرف ان کا دھیان ہر وقت رہتا تھا۔
اعلی فنی تعلیم اور تربیت کے لیے مولانا آزاد کا ایک بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انھوں نے 1951ء میں کھڑگپور انسٹی ٹیوٹ آف ہائیر ٹیکنالوجی کے قیام کو عملی شکل دی جو بعد میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں آئی آئی ٹی کھڑگپور کے نام سے ملک بھر میں شہرت حاصل کی ، 1950ء میں حکومت بنگال نے صنعتی ادارے کی تعمیر کے لیے کھڑگپور وزارت تعلیمات کو بارہ سو ایکڑ زمین جس میں صرف دو ایک عمارتیں تھیں پیش کیں۔ اس ادارے کی ابتداء دو سو طالب علموں کے داخلے سے ہوتی ہے جنھیں 3 ہزار درخواست گزاروں میں سے چنا گیا تھا۔ یہ ادارہ ایک سال کے عرصہ میں مزید ترقی کی طرف گامزن ہوا ۔ انجینئرنگ کے بنیادی کورسز میں داخلوں کے ساتھ اس میں نیول آرکیٹیکچر ، ایگریکلچر، انجینئرنگ اور آرکیٹیکچر کی ڈگریوں کے لیے داخلہ دیا گیا ۔
Production Engineeringاور Combustion Engineeringمیں پوسٹ گریجویشن کورسز بھی شروع کیے گئے۔ چند طلباء نے انجینئرنگ کے کئی ایک میدانوں میں تحقیق کے غرض سے داخلہ لیا اس ادارے نے مینجمنٹ اسٹڈیز میں مختصر مدتی کورسز بھی شروع کیا جو ان دنوں سارے ایشیاء میں اپنی نوعیت کا واحد کورس رہا اس کورس میں صنعت ، کامرس سرکاری محکموں اور دوسرے اداروں سے لوگوں نے داخلہ لیا اور کارگر ایڈمنسٹریشن کے مشترکہ اصولوں سے جانکاری حاصل کی اس ادارے میں طلبہ کی جملہ تعداد بڑھ کر 700 سات سو ہوچکی تھی اور مزید ایک سال بعد ایک ہزار طلباء نے اس میں داخلہ لیا اس طرح مولانا آزاد کے دور وزارت میں قائم کیا گیا ایک چھوٹا سا ادارہ آگے چل کر بہت بڑے ادارے کی صورت اختیار کر لیا ، کونسل فار سائنٹفک انڈسٹریل ریسرچ CSIR کا قیام 1942ء میں عمل میں آیا تھا لیکن اس کے توسیعی کام 1949ء سے شروع ہوئے۔ پنڈت نہرو بحیثیت وزیراعظم اس کے صدر اور مولانا ابوالکلام آزاد بحیثیت وزیر تعلیم اور سائنس اس کے نائب صدر مقرر ہوئے۔ پنڈت نہرو بحیثیت صدر CSIR کی تمام ترقی کے ذمہ دار تھے ۔ مولانا ازاد اس کے روز بروز کے معمولات کے علاوہ اس کی طویل مدتی منصوبوں میں شریک رہے۔ مولانا نے CSIR کے لیے سائنس کے انفراسٹرکچر کی ترقی کو جو سمت بخشی تھی وہ لائق تحسین ہے۔ بقول خود ان کے وہ CSIR کہ امور میں بحیثیت وزیر نہیں بلکہ بحیثیت آفس بیرر کے شامل رہتے ، قوم کی ترقی میں سائنس کے اہم رول کے لیے مولانا آزاد کے خیالات بالکل واضح تھے سائنس کی خاطر خواہ خدمت کو سراہتے ہوئے وہ اپنے ملک کے ماہرین کو اس بات کی تلقین کرتے ہیں کہ سائنسی علوم کو سماجی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں ۔ وہ انہیں اس بات کا انتباہ دیتے ہیں کہ وہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی دریافتوں اور ایجادات کے انسانیت سوز استعمال سے باز رہیں ۔
مولانا آزاد 1952ء میں سنٹرل روڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں آزادی کے بعد ملک میں سائنس کی ترقی ٹیکنالوجی کے فروغ اور تکنیکی تعلیم کا جائزہ لیتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں کہ اس عرصہ میں تکنیکی تعلیم کی فراہمی میں بہت ترقی ہوئی آل انڈیا کونسل برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن اور سائنٹیفک مین پاور کمیٹی سفارشات کو رو بہ عمل لاتے ہوئے یونی ورسٹی اور دیگر اعلیٰ فنی اداروں کو تعلیم اور تحقیق کے لیے فراخدلانہ طور پر گرانٹ منظور کی گئی ، ڈیولپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے میں ملک کے مختلف حصوں میں دو تکنیکی اداروں کا قیام عمل میں لایا تھا انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس بنگلور کو وافر مقدار میں جاری کی گئی گرانٹ کے نتیجے میں اس کے موقوف میں نمایاں تبدیلی آئی اور اس کے تحت سائنس اور ٹیکنالوجی کے کئی بنیادی شعبوں میں پوسٹ گریجویٹ سطح کی تعلیم اور تحقیق کو بروئے کار لایا جا سکا پالی ٹیکنیک کی ترقی اس حد تک عمل میں آئی کہ وہ دہلی یونیورسٹی کے لیے ٹیکنالوجی کے شعبے کی حیثیت سے خدمات انجام دے سکیں انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کھڑگپور اعلیٰ معیار کی تعلیم کے لیے شعبہ انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کے اہم میدانوں میں تحقیق کی گئی سہولتوں کی فراہمی انجام دی گئی مولانا کو اس بات کی قوی امید تھی کہ مستقبل میں یہ ادارہ ملک میں اعلیٰ ٹیکنیک کی تعلیم اور تحقیق میں ترقی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا ۔
آج مصنوعی ذہانت، روبوٹس، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، بایو ٹیکنالوجی اور خلائی سائنس کا دور ہے ایسے میں مولانا ابوالکلام آزاد کا سائنسی مزاج ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ نئی نسل کو صرف روایتی معلومات نہیں بلکہ تحقیق، تجربہ، تنقیدی فکر اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت بھی دی جانی چاہیے، مولانا ابوالکلام آزاد کا نام رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔
Sadiya Fatema c/o Abdul Khaleque
Nackles Road, Gulzar Bagh, Galli No 06,
Opposite Amber School NANDED-431604
MAHARASHTRA
***
مولانا آزاد کا سائنسی وژن آج بھی نئی نسل کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ سائنس، تحقیق اور تعلیم کو انسانی فلاح اور سماجی ترقی سے وابستہ کرنے کی ان کی فکر عصرِ حاضر میں بھی اہمیت رکھتی ہے۔ سعدیہ فاطمہ کا یہ مضمون اسی روشن فکری اور علمی ورثے کو اجاگر کرتا ہے۔
📚 مزید علمی، ادبی اور تحقیقی مضامین کے لیے قادرالکلام ماہنامہ کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔
🌐 https://www.qadirulkalam.com/
قادرالکلام ماہنامہ، حیدرآباد (انڈیا)
ISSN: 3139-1028
Vol. 02 | Issue 02 | November 2026

No comments:
Post a Comment