Breaking News

New Issue Published • November 2026 Edition Available • Submit Your Research Articles • Welcome to Qadar-ul-Kalam نیا شمارہ شائع ہوگیا • نومبر 2026 شمارہ دستیاب • تحقیقی مضامین ارسال کریں • قادرالکلام میں خوش آمدید

Wednesday, November 18, 2026

احمد علی کے ناول ’ دلی کی شام ‘ میں ہندوستانیت


احمد علی کا ناول ’’دلی کی شام‘‘ اردو فکشن میں ایک ایسی تخلیق ہے جس میں دہلی کی تہذیبی زندگی، ہندوستان کے تاریخی پس منظر اور نوآبادیاتی دور کے سماجی اثرات کی عکاسی ملتی ہے۔ اس ناول میں ماضی کی عظمت، بدلتے ہوئے معاشرتی حالات اور ہندوستانی شناخت کے مختلف پہلو نمایاں ہوتے ہیں۔ غزالہ ہاشمی نے اپنے اس تحقیقی مضمون میں ناول کے کرداروں، واقعات اور تاریخی حوالوں کی روشنی میں ہندوستانیت کے تصور کا جائزہ لیا ہے اور یہ واضح کرنے کی کوشش کی ہے کہ برطانوی اقتدار کے دوران ہندوستانی تہذیب اور معاشرت کن تبدیلیوں سے گزری۔

 غزالہ ہاشمی   

 ہندوستان ایک بڑا ملک ہے۔ رقبے کے اعتبار سے اس کی پوزیشن دنیا میں ساتویں ہے۔ پھربھی اس کی گود میں دنیا کے کسی بھی ملک کی آبادی سے زیادہ افراد کی پرورش ہو رہی ہے۔ سو سال پہلے پاکستان، برما اور بنگلہ دیش جیسے ممالک اسی میں شامل تھے۔ 1500قبل مسیح تک ہندوستان کی تاریخ واضح مل جاتی ہے۔ ایران اور اس کے اطراف و جوانب سے آریا  لوگ ہندوستان میں آئے۔ مقامی لوگوں کی بہ نسبت ان کی قوت اور تکنیک ترقی یافتہ تھی۔ پھر گوتم بدھ اور تر تھانکر مہاویر جیسے اکابرین کی تعلیمات نے ہندوستان کو سنوارا۔ موجودہ پٹنہ کے نند خاندان، موریا خاندان اور شنگ خاندان نے وسیع علاقے کو اپنی حکومت میں شامل کر کے انھیں ترقی دی۔ پھر اس ملک کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہونے لگے۔ کئی سو سال بعد علاؤالدین خلجی نے پھر سے ہندوستان کو متحد کیا۔ یہ صورتحال پلاسی کی جنگ 1757 ء تک قائم رہی۔ اس جنگ میں ہندوستان کی شکست کے بعد اگلی شکست 1764ء  میں بکسر کے مقام پر ہوئی۔شکست کا یہ سلسلہ جاری رہا۔  1799عیسوی میں ہمارا قومی ہیرو  ٹیپو سلطان شہید ہو گیا ۔اسی وقت انگریزوں نے اعلان کیا  :

’’ اب ہندوستان ہمارا ہے۔‘‘

 1857 عیسوی میں بہادر شاہ ظفر کی شکست یعنی ہندوستان کی شکست نے ہندوستانی حکم رانوں کا نام بھی مٹا دیا۔

احمد علی نے اپنے ناول’’ دلی کی شام‘‘ کو 1453 قبل مسیح  سے شروع کیا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ دلی کو پانچ پانڈویودّھا میں سب سے بڑے بھائی یو دھشٹر نے آباد کیا تھا۔ نئی دلی میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر مدن تھپلیال نے اپنی کتاب’’ نئی دلی: دلی کا آٹھواں شہر‘‘ میں اس خیال کی نفی کی ہے ۔تھپلیال نے لکھا ہے کہ اننگ پال، اندر پرستھ، مہابھارت کا کوئی ثبوت کہیں نہیں ملتا۔ جو بھی ہو، احمد علی کا خیال ہے کہ 1453 ق م سے لے کر 1757 عیسوی تک یعنی 3200 سال سے زیادہ تک اس ملک کا ایک مقام عالمی سطح پر تھا جسے انگریزوں نے برباد کر دیا۔ششی تھرور  کا بھی ایسا ہی کہنا ہے  : 

INDIA WAS BRITAIN'S BIGGEST SOURCE OF REVENUE, THE WORLD'S BIGGSEST PURCHASER OF BRITISH EXPORTS AND THE SOURCE OF HIGHLY PAID EMPLOYMENT OF BRITISH CIVIL SERVANTS AND SOLDIERS ALL AT INDIA'S OWN EXPENSE. (THAROOR 24)

احمدعلی کی پیدائش دہلی کے کوچہ پنڈت علاقے میں 1910ء میں ہوئی ۔ ابا شجاع الدین انگریزی سرکار کے افسر تھے ، جن کا انتقال 1919ء میں ہوا۔ اس طرح نو سال کی عمر میں احمد علی یتیم ہو گئے ۔ چچا  بہاؤالدین بھی سرکاری افسر تھے ۔ انھوںنے یتیم بھتیجے کو اپنی تربیت میں لے لیا۔ احمد علی نے  1925ء میں اعظم گڑھ کے  WESLEY MISSION HIGH SCHOOL ّْ سے میٹرک پاس کیا۔ پھر ان کا داخلہ مسلم یونی ورسٹی علی گڑھ میں ہوا، پھر وہ لکھنؤ یونی ورسٹی آگئے  جہاں سے 1931ء میں MA   انگریزی کی سند حاصل کی۔ پھر اسی یونی ورسٹی میں انگریزی کے لکچرار ہو گئے ۔ 1933-34 کے دوران وہ آگرا  کالج میں پڑھاتے رہے۔پھر 1934ء سے 1936ء تک الٰہ آباد یونی ورسٹی میں انگریزی کے استاد رہے۔ پھر وہ  1936ء میں لکھنؤ یونی ورسٹی آگئے ، جہاں 1941ء تک کام کرتے رہے، 1942ء میں وہ BBC   دہلی آفس کے ڈائرکٹر بنائے گئے۔ پھر وہ پریسڈینسی کالج ، کلکتہ میں انگریزی شعبے کے پروفیسر اور صدر شعبہ بنے ۔ ان کی انگریزی دانی اعلیٰ تعلیم یافتہ یوروپین سے زیادہ تھی۔ ان کی ابتدائی تحریریں درج ذیل ہیں: 

- THE LAKE OF DREAMS, 1926, PUBLISHED IN ALIGARH MAGAZINE.

- FLOWERS IN THE BASKET, 1927, ALIGARH MAGAZINE.

- WHEN THE FUNERAL WAS CROSSING THE BRIDGE, 1929, LUCKNOW UNIVERSITY JOURNAL.

۔  مہاوٹوں کی ایک رات ، رسالہ ہمایوں لاہور جنوری 1932ء 

۔  مہاوٹوں کی ایک رات ، انگارے دسمبر 1932ء 

۔  بادل نہیں آتے ، انگارے دسمبر 1932ء 

۔  شعلے ، افسانوی مجموعہ ، نیا سنسار ، الٰہ آباد 1936ء 

-  OUR LANE, NEW WRITING, LONDON, 1936.

-  MORNING IN DELHI, NEW WRITING, 1940.  REPUBLISHED IN THE ATLANTIC, WASHIGTON, OCTOBER 1953.

-  TWILIGHT IN DELHI, HOGARATH PRESS, LONDON, 1940, REPUBLISHED IN URDU, ITALIAN, FRENCH, SPANISH etc.

متحدہ ہندوستان کو’’ دلی کی شام ‘‘ میں مرکزیت حاصل ہے۔ اس ناول سے قبل احمد علی نے  OUR LANE  کے نام سے ایک انگریزی افسانہ لکھا تھا جو آگے چل کر ’’ ہماری گلی ‘‘ کے نام سے اردو میں شائع ہوا۔ اسی افسانہ ہماری گلی کا پھیلائو ناول دلی کی شام میں محسوس ہوتاہے ۔ ’’ ہماری گلی ‘‘ نام سے احمد علی کا ایک افسانوی مجموعہ بھی ہے ۔ اس ناول ’’ دلی کی شام ‘‘ میں بیسویں صدی کی پہلی چوتھائی کو موضوع بنایا گیا ہے ۔ 1910ء سے 1920ء تک کا عہد خاص طور سے زیر غور ہے۔ افتتاحی جملے معنی خیز ہیں  : 

’’ شہر پر رات کی تاریکی چھائی ہوئی تھی ۔ ستاروں کی مدھم روشنی میں گلیاں ، مکان اور چھتیں بے چین نیند سو رہے تھے۔ جوں جوں گرمی ناقابل برداشت ہوتی جاتی ، ان کے سانس لمبے اور بھاری ہوتے جاتے تھے ۔ دن بھر کی محنت اور مشقت سے چور ، تھکے ہارے نیم برہنہ انسان ، کھردری چار پائیوں پر گلیوں میں اور صحن میں ، کوٹھوں اور راہ گزاروں پر پڑے تھے ۔ ‘‘ ( دلی کی شام ،ص۔ ۹)

مصنف احمد علی نے اطلاع دی  ہے  : 

’’جب غدر 1857ء ہوا اس وقت میرے دادا جان کی عمر گیارہ سال اور دادی جان کی عمر پانچ سال تھی ۔ ‘‘

( TWILIGHT xiv)

اسی مصنف نے مزید اطلاع دی ہے  : 

’’ 1857ء میں میر نہال دس سال کے تھے اور انھوںنے سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا ۔ ‘‘

(TWILIGHT 146)

دونوں نام ایک ہی شخص کے ہیں ۔ احمد علی کے دادا جان کا نام میر جلال تھا ۔ ان کے دو بیٹے بہاؤالدین اور شجاع الدین انگریزی سرکار میں افسر تھے ۔ میر نہال کے دو بیٹے شمس او رحبیب بھی انگریزی سرکار میں افسر تھے ۔ ناول کے کردار حبیب کی موت 1919ء میں ہوئی ۔ احمدعلی کے ابا شجاع الدین کی موت 1919ء میں ہوئی ۔ ناول میں مرحوم حبیب کے بیٹے کا نام نسیم لکھا ہے جو درجہ چھ کا طالب علم تھا۔ انگریزوں کو للکار تے ہوئے وہ بسمل عظیم آبادی کے اشعار پڑھتا تھا۔ 

سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے 

دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے 

مصنف احمد علی کی شخصیت ’’ دلی کی شام ‘‘ کے کردار نسیم سے ملتی جلتی ہے۔ 1943ء میں احمد علی کی اردو کتاب ’’ ہماری گلی ‘‘ انشاء پریس ، دہلی سے شائع ہوئی۔ اس کتاب میں احمد علی کا پتا ’’ اصغر منزل ، کوچہ پنڈت دہلی ‘‘ لکھا ہوا ہے ۔ ناول ’’ دلی کی شام ‘‘ میں ایک اہم کردار اصغر کا ہے ۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مصنف احمد علی نے اپنے خاندان کی تصویر کشی اپنے ناول ’’دلی کی شام‘‘ میں کی ہے ۔ احمد علی خود لکھتے ہیں  : 

IN THE PROCESS OF TRANSOFRMATION FROM INDIAN TO 'BROWN ENGLISHMAN', I FOUND THAT I HAD LOST NOT ONLY  MY FREEDOM BUT ALSO MY CULTURE AND INDIVIDUALITY, AND I HAVE BEEN ENGAGED EVER SINCE IN SEARCH OF MY SELF, MY IDENTITY.  (TWILIGHT xiv)

ناول ’’ دلی کی شام ‘‘ میں بہت سے کردار ہیں، جن کی نمائندگی میر نہال سے کرائی گئی ہے۔ خواتین کو شاید کوئی کام نہیں ۔ ان کی مشغولیت گپ بازی اور لڑائی تک محدود رہتی ہے ۔ ایک اوسط مسلمان بیوی انتہائی شرمیلی ہونے کی وجہ سے شوہر کے سامنے سرد مہری سے پیش آتی ہے ۔ انگریزوں نے اپنی پالیسی کے تحت بیش تر ہندوستانیو ںکو کاہلی ، فضول خرچی ، غیر ضروری رسم ، نقصان دہ رواج ، شرادھ ، میلاد ، محرم ، فاتحہ کے علاوہ رقص و سرود  اور طوائف کلچر کا عادی بنا دیا۔ ایک عیسائی  WILLIAM HOWARD RUSSEL  نے 1857ء کی اپنی ڈائری میں لکھا ہے  : 

MAHOMEDAN ELEMENT IN INDIA IS THAT WHICH CAUSES US MOST TROUBLE AND PROVOKES THE LARGEST SHARE OF OUR HOSTILITY.

IF WE COULD ERADCATE THE TRADITIONS AND DESTROY THE TEMPLES OF MAHOMMED BY ONE VIGOROUS EFFORT, IT WOULD INDEED BE WELL FOR THE CHRISTIAN FAITH AND FOR BRITISH RULE. (RUSSELL - 77-78)

مجموعی طور پر ہر ہندوستانی اور خصوصی طور پر ہر مسلمان کو انگریزوں نے نشانہ بنایا ۔ 1919ء میں جلیاں والا باغ کا سانحہ پیش آیا۔ ان سب کی تصویر کشی اس ناول میں مل جاتی ہے ۔ ناول ’’ دلی کی شام ‘‘ کا لگ بھگ ہر کردار اپنے جیسے بڑے طبقہ کی نمائندگی کرتاہے ۔ میر نہال کا سب سے چھوٹا بیٹا اصغر علی تعلیم یافتہ ہونے کے علاوہ خوب صورت اور اسمارٹ بھی ہے ، روانی سے کئی زبان بولنے پر قادر ہے۔ ایسے نوجوان سے سماج کو کافی امید وابستہ رہتی ہے لیکن وہ مشتری بائی طوائف پر عاشق ہوگیا۔ اس کے کوٹھے تک خود جاتاہے ، اپنے ساتھیوں کو بھی لے جاتا ہے۔ خواب میں ، خیال میں ، تاروں کے جھرمٹ میں ، بادلوں کے رقص میں اصغر کو مشتری بائی دکھائی پڑتی ہے، لیکن جب اصغر نے بلقیس کو دیکھا تو اس کا عاشق ہو گیا۔ باپ ماں راضی نہیں تھے پھر بھی بیٹے کی ضد سے مجبور ہو کر انھوں نے بلقیس کو اپنی بہو بنا لیا۔ جب تک اصغر بے روزگار تھا تو والدین کے ساتھ تھا ۔ ملازمت ملتے ہی اس نے سسرال کے قریب کرائے کا گھر لے لیا ۔ اب اس کی ساس اس پر حاوی ہونے لگی۔ اصغر دل برداشتہ ہو گیا۔ بیوی کی جانب  اس کی توجہ کم ہونے لگی۔ ساس نے اصغر کو بری طرح ڈانٹنا شروع کیا۔ یہ کیفیت بڑھتی گئی جس وجہ سے اصغراور بلقیس کی محبت میں کمی آگئی۔ اس دوران ایک بیٹی جہاں آرا پیدا ہوئی ۔ بلقیس بیمار ہو گئی۔ پھر اس نے اس دنیا سے دائمی طور پر منہ موڑ لیا۔ جہاں آرا کی خالہ ، زہرا نام ہے اس کا ، اس نے جہاں آرا کو مادرانہ شفقت سے نوازا ۔ اب اصغر اس خیال میں ہے کہ زہرا کو اپنی دلہن بنا لے ۔ یعنی پہلے مشتری پھر بلقیس ، پھر زہرا پھر کوئی اور …دکھاوٹی عشق کے اس سفر کے بیچ بھی کئی معشوقائیں ہو سکتی ہیں۔ 

مصنف نے اپنی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں کیا بلکہ کردار اور واقعات کی زبانی ثابت کر دیا ہے کہ ہندوستان ملک میں ، ہندوستان کی مٹی میں، ہوا میں، پانی میں ، موسم میں ، وسائل میں ، آبادی میں یعنی ہر متعلقہ شے میں بھرپور صلاحیت موجود تھی اور موجود ہے۔ انگریزوں نے اپنے مفاد کی خاطر سب کو برباد کر دیا۔ ہندوستانی لوگ اپنے طور پر کاہل نہیں بلکہ انگریزوں نے انھیں  کاہل بنایا۔ مذہب کی جگہ فرقہ پرستی اور سمپردایکتا اگر آگئی تو یہ انگریزوں کی دین ہے ۔ سال ۱۹۱۱ء میں دلّی دربار منعقد ہوا، جس کا مقصد تھا ، انگریزوں کے اقتدار کا فروغ ۔ لیکن اسے ہندوستانیوں کے لیے  جشن کے طور پر پیش کیا گیا۔ سال 1914-18کی پہلی جنگ عظیم میں ہندوستان کے دس پندرہ لاکھ جوانوں کو انگریزوں نے جھونک دیا۔ 1857ء سے لے کر 1920ء تک کے ہندوستان کا لیکھا جوکھا اس ناول میں موجود ہے، سارے اقدام انگریزوں کے مفاد کے لیے  ہیں، ہندوستان اور ہندوستانی کے لیے  صرف زیرو ہی نہیں بلکہ منفی۔ جاگو ہندوستانی جاگو ، اپنے کو پہچانو ۔ اپنی اور اپنی آئندہ نسل کی فکر کرو ۔ سرکار سے بھلائی کی امید رکھنا حماقت ہے۔ 

ناول میں 1757ء  تک کے ہندوستان کا شاندار ماضی، اس کے بعد 1920-25ء تک کا غم گین حال بیان ہوا ہے ۔ ان دونوں کی ملی جلی کیفیت سے مستقبل کا تانہ بانہ بنا جا سکتا ہے ۔ شام کے بعد رات ہوگی ، وہ چاندنی رات ہو سکتی ہے یا تاریک ہو سکتی ہے پھر صبح بھی ہو گی۔ اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ مستقبل کو ہم کیسا بنائیں۔ 

حوالہ جات  : 

۔  احمد علی  ’’ دلی کی شام ‘‘ مکتبہ جامعہ لیمیٹیڈ 1968ء

۔  احمد علی  ’ ’ ہماری گلی ‘‘ انشاء پریس ، دلی 1943 ء 

۔  صفیہ فاطمی :  شعلے ایک مطالعہ ‘‘ دربھنگا ٹائمس جنوری تا جون 2025 ء آئی ایس ایس این 2395-2016 

۔  صفیہ فاطمی  ’’ ایک مشہور لیکن گمنام افسانہ نگار ‘‘ ساغر ادب ، مظفرپور جنوری تا مارچ  2025ء ISSN - 2582-3612 

- AHMED ALI : TWILIGHT IN DELHI, RUPA PUBLICATIONS, 2024

- AHMED ALI : THE PRISON HOUSE, KARACHI, AKRASH PUBLISHING 1985

- WILLIAM HOWARD RUSSEL, '' MY DIARY IN INDIA " VOL. 2, 4th EDITION, WARNE & ROUTLEDGE, 1860.

- SHASHI THAROOR : AN ERA OF DARKNESS: THE BRITISH EMPIRE IN INDIA, ALEPH BOOK COMPANY, 2016

- Sajjad Zaheer et al, Angaaray Translated by snehal shingavi, Panguine Books lndia 2014

- Rahman, Tariq A History of Pakistani Literature in English, Vanguard Books Pvt Ltd 1990

-  Nayak, M.K. A History of Indian English Literature Sahitya Akademi 1982


GHAZALA HASHMI

RESEARCH SCHOLAR

Village - DARHIPATTI

PO- RAGHOPUR

Via - MINAPUR-843128

Dist.- MUZAFFARPUR, BIHAR

Mob. -7870267266 

***

مجموعی طور پر ’’دلی کی شام‘‘ ہندوستان کے تاریخی و تہذیبی شعور اور نوآبادیاتی عہد کے اثرات کو سمجھنے کا ایک اہم ادبی وسیلہ ہے۔ غزالہ ہاشمی کا یہ مطالعہ ناول کے ذریعے ہندوستانی ماضی، معاشرتی تبدیلیوں اور قومی شناخت کے سوالات کو سامنے لاتا ہے۔ یہ مضمون قارئین کو اس بات پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے کہ اپنی تہذیبی شناخت، تاریخی ورثے اور مستقبل کے امکانات کو سمجھنے کے لیے ادبی تخلیقات کا مطالعہ کس قدر اہم ہے۔

📚 مزید علمی، ادبی اور تحقیقی مضامین کے لیے قادرالکلام ماہنامہ کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔

🌐 https://www.qadirulkalam.com/

قادرالکلام ماہنامہ، حیدرآباد (انڈیا)
ISSN: 3139-1028
Vol. 02 | Issue 02 | November 2026

No comments:

Post a Comment

عصمت چغتائی اور ہندی سنیما

عصمت چغتائی اردو ادب کی ان منفرد تخلیق کاروں میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے اپنے افسانوں اور ناولوں کے ذریعے ہندوستانی معاشرے کے پیچیدہ مسائل، ع...