Breaking News

New Issue Published • Ocotber 2026 Edition Available • Submit Your Research Articles • Welcome to Qadar-ul-Kalam نیا شمارہ شائع ہوگیا • اکتوبر 2026 شمارہ دستیاب • تحقیقی مضامین ارسال کریں • قادرالکلام میں خوش آمدید
Showing posts with label اردو ادب. Show all posts
Showing posts with label اردو ادب. Show all posts

Sunday, October 25, 2026

مولانا ابوالکلام آزاد کے خطوط کا مجموعہ غبارِ خاطر: ایک تجزیاتی مطالعہ


مولانا ابوالکلام آزاد اردو ادب کی ان ہمہ گیر شخصیات میں شامل ہیں جن کی نثر میں علم و دانش، فکری گہرائی اور اسلوب کی دل نشینی یکجا نظر آتی ہے۔ ان کی تصنیف غبارِ خاطر بظاہر خطوط کا مجموعہ ہے، لیکن اس میں زندگی، فلسفے، تاریخ، فطرت، موسیقی اور انسانی احساسات سے متعلق متنوع موضوعات پر دل چسپ گفتگو ملتی ہے۔ زیرِ نظر مضمون میں طاہرہ خاتون نے غبارِ خاطر کے اہم موضوعات، فکری جہات اور ادبی خصوصیات کا تجزیاتی جائزہ پیش کیا ہے۔
 طاہرہ خاتون(ریسرچ اسکالر)

مولانا ابوالکلام آزاد کا اصل نام محی الدین احمد تھا۔ تاریخی نام فیروز بخت، کنیت ابوالکلام اور تخلص آزاد تھا۔ مولانا آزاد  ۱۱ نومبر ۱۸۸۸ء کو مکہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک معزز،تعلیم یافتہ گھرانے سے تھا۔وہ اردو ادب میں ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے۔ شاعر، ادیب، صحافی، عربی و فارسی کے جید عالم، مفکر ِ اسلام، مفسر  ِ قرآن، دانش ور اور سیاست دان کے طور پر ان کی خدمات بے مثال ہیں۔ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے بھی ان کا کردار تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔

اردو ادب میں مولانا آزاد کے نمایاں کارناموں میں ان کی سیاسی یادداشتوں پر مبنی کتاب India Wins Freedomاور خطوط کے مجموعے غبارِ خاطر خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ غبارِ خاطر قلعہ احمد نگر میں قید کے دوران ان کے دوست حبیب الرحمن خان شیروانی کو لکھے گئے خطوط پر مشتمل ہے۔ یہ مجموعہ ۴۲ خطوط پر مشتمل ہے، جن میں چھوٹے چھوٹے مضامین انشائیے کی شکل میں موجود ہیں۔ مولانا آزاد نے اس کتاب کا نام امیر عظمت اللہ   بے خبر بلگرامی کے مختصر رسالے غبارِ خاطر سے مستعار لیا۔غبارِ خاطر کے تمام خطوط کئی لحاظ سے بے حد اہم ہیں۔ ان میں مولانا آزاد کی ابتدائی زندگی، تعلیم، عادات و نفسیات، کردار اور ان کے شخصی ارتقا کے عوامل کی تفصیلات ملتی ہیں۔ یہ خطوط اس نیت سے نہیں لکھے گئے تھے کہ انہیں شائع کیا جائے، لیکن رہائی کے بعد مولوی محمد اجمل خان کے اصرار پر ان خطوط کو مجموعے کی شکل میں۱۹۴۶ء میں شائع کیا گیا۔ بعد میں مالک رام نے مزید تحقیق کے ساتھ۱۹۶۷ء میں اسے دوبارہ شائع کیا۔

Friday, October 16, 2026

شاکر خلیق کا شعری اور نثری سرمایہ



’’شاکر خلیق کا شعری اور نثری سرمایہ‘‘
ڈاکٹر صفیہ فاطمی (اسسٹنٹ پروفیسر) کا مضمون ہے، جس میں شاکر خلیق کی ادبی شخصیت اور ان کے شعری و نثری کارناموں کے مطالعے کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔ یہ موضوع اردو ادب میں تخلیقی اظہار اور ادبی سرمایے کی اہمیت کو سمجھنے کے لیے قابلِ مطالعہ ہے۔

 ڈاکٹر صفیہ فاطمی(اسسٹنٹ پروفیسر )

 شاکر احمد یحییٰ کا سالِ پیدائش 1945 ہے ۔آبائی وطن دربھنگا ہے۔ امی جان کا نام صفیہ خاتون اور ابا محترم کا نام عبدالخالق خلیق ہے۔ اسی مناسبت سے شاکر احمد نے شاکر خلیق کے قلمی نام کو اختیار کیا۔ تعلیمی سند کے اعتبار سے وہ ڈبل ایم اے، بی ایل اور پی ایچ ڈی ہیں۔ کچھ دنوں تک پٹنہ ہائی کورٹ میں وکالت کی۔ سال 1971 ء میں سی ایم کالج دربھنگا میں تقرری ہوئی۔ متھلا یونیورسٹی دربھنگا کے صدر شعبہ اردو بنے۔ مورخہ 31/05/2005کو ریٹائرمنٹ ہوا۔ ان کی درج ذیل کتابیں میری نگاہ سے گزری ہیں۔

Wednesday, September 30, 2026

مولانا ابوالکلام آزاد کے خطوط کا مجموعہ غبارِ خاطر: ایک تجزیاتی مطالعہ


’’مولانا ابوالکلام آزاد کے خطوط کا مجموعہ غبارِ خاطر: ایک تجزیاتی مطالعہ‘‘ طاہرہ خاتون کا تحقیقی مضمون ہے، جس میں مولانا ابوالکلام آزاد کی معروف کتاب ’’غبارِ خاطر‘‘ کے ادبی، فکری اور اسلوبی پہلوؤں کا تجزیاتی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

طاہرہ خاتون

  مولانا ابوالکلام آزاد کا اصل نام محی الدین احمد تھا۔ تاریخی نام فیروز بخت، کنیت ابوالکلام اور تخلص آزاد تھا۔ مولانا آزاد  ۱۱ نومبر ۱۸۸۸ء کو مکہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک معزز، تعلیم یافتہ گھرانے سے تھا۔ وہ اردو ادب میں ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے۔ شاعر، ادیب، صحافی، عربی و فارسی کے جید عالم، مفکر ِ اسلام، مفسرِ قرآن، دانش ور اور سیاست دان کے طور پر ان کی خدمات بے مثال ہیں۔ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے بھی ان کا کردار تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔

اردو ادب میں مولانا آزاد کے نمایاں کارناموں میں ان کی سیاسی یادداشتوں پر مبنی کتاب India Wins Freedom اور خطوط کے مجموعے غبارِ خاطر خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ غبارِ خاطر قلعہ احمد نگر میں قید کے دوران ان کے دوست حبیب الرحمن خان شیروانی کو لکھے گئے خطوط پر مشتمل ہے۔ یہ مجموعہ ۴۲ خطوط پر مشتمل ہے، جن میں چھوٹے چھوٹے مضامین انشائیوں کی شکل میں موجود ہیں۔ مولانا آزاد نے اس کتاب کا نام امیر عظمت اللہ بے خبر بلگرامی کے مختصر رسالے غبارِ خاطر سے مستعار لیا۔ غبارِ خاطر کے تمام خطوط کئی لحاظ سے بے حد اہم ہیں۔ ان میں مولانا آزاد کی ابتدائی زندگی، تعلیم، عادات و نفسیات، کردار اور ان کے شخصی ارتقا کے عوامل کی تفصیلات ملتی ہیں۔ یہ خطوط اس نیت سے نہیں لکھے گئے تھے کہ انھیں شائع کیا جائے، لیکن رہائی کے بعد مولوی محمد اجمل خان کے اصرار پر ان خطوط کو مجموعے کی شکل میں۱۹۴۶ء میں شائع کیا گیا۔ بعد میں مالک رام نے مزید تحقیق کے ساتھ۱۹۶۷ء میں اسے دوبارہ شائع کیا۔

Tuesday, September 29, 2026

نسائی آواز اور اردو شاعری


یہ مضمون معروف ادیب و محقق ڈاکٹر صفیہ فاطمی کا ہے، جسے قارئین کے ادبی و تحقیقی مطالعے کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

 ڈاکٹرصفیہ فاطمی

 معاشیات میں ایک باب ہے محنت کی تقسیم جس کے مطابق ذمے داری دیتے وقت کام کرنے والے کی صلاحیت ، ضرورت اور حدود کاخیال رکھنا ہوتاہے۔ اسے درجہ بندی یافرق مراتب بھی کہہ سکتے ہیں، بھید بھاؤ نہیںکہہ سکتے ۔ مشہور کہاوت ہے کہ مضبوط پیٹھ پرہی زیادہ بوجھ ڈالا جاسکتاہے۔ موڈرن مینیجمنٹ کایہ طریقۂ کار فطری قوانین کی بنیاد پرہے۔خالق کائنات نے اپنی مخلوق کومختلف صلاحیتوں سے نوازاہے۔ کسی کو بھی اس کی وسعت سے زیادہ بوجھ نہیںدیا ۔اس کی ایک بنیادی وجہ درجہ بندی ہے، جہاں صنفی مساوات کاخیال رکھا گیا ہے۔ وخلقناکم ازواجا ۔ سورۃالنباا ٓیت ۸
زوج کایہ تصورصرف انسان ہی میں نہیں بلکہ دیگرحیوانات میں اورنباتات میں بھی ہے، شاید جمادات میں بھی ہے ۔ 
خلق الازواج کلھامما تنبت الارض ۔ سورہ یسٓ ۔آیت ۳۶
ومن کل شیء خلقنا زوجین ۔ سورۃ الذاریات۔آیت ۴۹
صلاحیت کے اسی فرق کے تحت  بچے کی پیدائش سے لے کر تربیت کی ذمہ داری خواتین کے سپرد کی گئی ۔ اس سلسلے کے بیش تر الفاظ مونث یعنی استری لنگ یعنی  Feminine Gender   سے تعلق رکھتے ہیں۔پیدائش ، پرورش،تربیت ، تعلیم ،  ترقی ، بولی ، زبان ، بھاشا، خواندگی ، پڑھائی ، لکھائی ، بھوک، روشنی ، خوراک، توانائی، کھیتی ، روئیدگی ، خوشی ، امید ، بناوٹ ، سجاوٹ ، کتاب، روح، زندگی، ولایت ، کرامت ، فضیلت ، عزت ، دولت، شہرت،  صلاحیت، مہارت، موت، قبر وغیرہ وغیرہ یعنی ابتدا سے انتہا تک مونث ہی ہے۔ بچے نے ماں کے شکم میںپرورش پائی تھی، اس تصور نے مادر وطن یعنی ماتری بھومی یعنی    Mother Land  کاتصور مستحکم کیا۔ دنیامیںکہیں بھی پدر وطن کاتصور نہںملتا۔ ماں نے بچے کے منھ میںاپنی زبان ڈال دی ۔ اسی زبان کومادری زبان  یعنی ماتری بھاشا یعنی Mother tongueکہتے ہیں، کہیںبھی پدری زبان کاتصور موجود نہیںہے۔ ایک مالک کے دو چار کاروبار یا دوچار کارخانے ہوں تو سب کو  Sister Concern کہا جاتاہے Brother Concern  نہیں کہا جاتا۔

Monday, September 28, 2026

مہتاب قدر کے انتقال پر قادرالکلام کی جانب سے اظہارِ تعزیت


انتہائی افسوس اور گہرے رنج و غم کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی کہ جناب مہتاب قدر اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ ان کے انتقال کی خبر قادرالکلام ماہنامہ، حیدرآباد کے لیے نہایت صدمہ انگیز اور دل گرفتہ کرنے والی ہے۔ ہم اس موقع پر مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، احباب اور تمام متعلقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

جناب مہتاب قدر، سعودی عرب جنوری 2026ء سے قادرالکلام ماہنامہ کے Foreign Editorial Board Member کی حیثیت سے ادارے کے ساتھ وابستہ رہے۔ اس دوران ان کی علمی و ادبی دلچسپی، خلوص اور ادارے کے لیے نیک خواہشات ہمارے لیے ہمیشہ باعثِ حوصلہ رہیں۔ انہوں نے اپنے منصب کو محض رسمی وابستگی تک محدود نہیں رکھا بلکہ ادارے کے مختلف امور میں اپنی قیمتی آرا اور مشوروں سے نوازتے رہے۔

اگرچہ ان کی باضابطہ ادارتی وابستگی کا عرصہ زیادہ طویل نہیں تھا، لیکن اس مختصر مدت میں بھی ان کے ساتھ قائم ہونے والا علمی و ادبی رشتہ ہمارے لیے اہم اور قابلِ قدر رہا۔ بعد ازاں بھی وہ قادرالکلام کے لیے اپنے مشوروں، رہنمائی اور خیرخواہانہ آرا کے ذریعے ہمارے ساتھ اپنا تعلق برقرار رکھے ہوئے تھے۔ ان کی گفتگو میں ادارے کی ترقی اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے حوالے سے جو خلوص اور دلچسپی تھی، اسے ہم ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھیں گے۔

ان کا انتقال ہمارے لیے صرف ایک رکنِ ادارتی بورڈ کی جدائی نہیں بلکہ ایک مخلص علمی و ادبی رفیق اور خیرخواہ مشیر کی جدائی ہے۔ ان کی وفات سے قادرالکلام کے علمی و ادبی حلقے میں جو خلا پیدا ہوا ہے، اسے محسوس کیا جائے گا۔ ان کی یادیں، ان کی گفتگو اور ان کے قیمتی مشورے ہمارے لیے ہمیشہ ایک اثاثے کی حیثیت رکھتے رہیں گے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ بعض شخصیات کا تعلق وقت کی مدت سے نہیں بلکہ ان کے خلوص، محبت اور تعاون سے پہچانا جاتا ہے۔ مہتاب قدر بھی ان ہی مخلص وابستگان میں شامل تھے جنہوں نے قادرالکلام کے سفر میں اپنی بساط کے مطابق حوصلہ افزائی اور رہنمائی فرمائی۔ ان کی خدمات اور وابستگی کو ادارہ ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھے گا۔

معروف شاعر و صحافی مہتاب قدر کا انتقال جمعہ، 25 ستمبر 2026 کی صبح حیدرآباد (تلنگانہ) میں ہوا۔ وہ طویل عرصے سے جدہ میں مقیم تھے اور مختصر مدت کے لیے اپنے وطن حیدرآباد آئے ہوئے تھے۔وہ حلقۂ اربابِ ذوق، جدہ کے بانی اور پندرہ روزہ ادبی جریدے ’’اردو گلبن‘‘ جدہ کے بانی مدیر بھی تھے۔

اس المناک موقع پر قادرالکلام ماہنامہ کی پوری ٹیم مرحوم کے اہلِ خانہ اور تمام سوگواران کے ساتھ برابر کی شریکِ غم ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی تمام لغزشوں سے درگزر فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کی قبر کو نور سے منور فرمائے۔

اللہ رب العزت پسماندگان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کی علمی و ادبی وابستگیوں کو ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے۔

Saturday, September 26, 2026

نورالحسنین کی افسانہ نگاری کا تنقیدی تجزیہ

 

اردو افسانے کے اہم فن کار نورالحسنین کی افسانہ نگاری کا تنقیدی مطالعہ، فہیم خاتون مسرت کے قلم سے۔

  فہیم خاتوں مسرت ۔ناندیڑ ،مہاراشٹرا

  جس وقت تحریکِ آزادی شباب پرتھی اس وقت بمبئی ذریعہ معاش کا اہم مرکزتھا۔ لوگ ملک کے مختلف حصوں سے ہجرت کرکے بمبئی میں داخل ہورہے تھے جس میں ایک بڑا طبقہ ادیبوں کا بھی تھا۔ پریم چند سے لے کر کرشن چندر، منٹو، بیدی، عصمت چغتائی اور خواجہ احمدعباس جیسے اعلیٰ پائے کے ادیبوں نے ممبئی کی ادبی محفل کو رونق بخشی۔یہ شہر اس وقت جدید افسانے کا مرکز تھا۔ جب یہاں کے ادیبوں نے ترقی پسند تحریک میں شمولیت اختیار کی تو ادبی دنیا میں ایک انقلاب آگیا۔ اس تحریک نے جہاں دبے کچلے افراد کی زندگی اور ان کے مسائل کو موضوع بنایا وہیں ظالموں اور سرمایہ داروں کے ظلم وبربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔ ترقی پسند تحریک کا دوراردو افسانہ نگاری کا عہدزریں کہا جاسکتا ہے۔ اس وقت ہندوستان مختلف مسائل سے دوچار تھا۔ عدم مساوات اور معاشی بحران کا مسئلہ ابھی حل بھی نہیں ہوا تھا کہ ملک کی تقسیم کا سانحہ پیش آیا۔ تقسیم ہند کے سانحے اور اس کے ردعمل کے طور پر رونما ہونے والے فسادات نے لوگوں کو ذہنی کرب میں مبتلا کردیا۔

اس دوران انسانیت کو شرمسارکردینے والے حادثات اور ہجرت کے کرب نے لوگوں کو بے حس بنادیا جس نے ان کے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو صلب کردیا۔ جہاں ان مسائل کی وجہ سے اردو افسانے کے موضوعات کو وسعت حاصل ہوئی، وہیں موضوعات کی یکسانیت نے اکتاہٹ پیدا کردی، اور مقلدین کی بھرمار نے ادب کو نعرہ بنادیا جس کی وجہ سے اس تحریک کا زور  روز بہ روز  ختم ہوتا چلاگیا۔  ۱۹۶۰ء کے بعداردو افسانے میں تجربات اور ردــوقبول کے دور کا آغاز ہوا۔ ان تجربات نے جہاں اردو افسانے کو مروجہ اسلوب سے باہر نکالا وہیں اردو افسانے کو نئے معنی و مفاہیم بھی عطا کیے۔ جدیدیت کی یہ تحریک ادب کے ساتھ ساتھ اسلوب اور موضوعات میں بھی شعوری طور پر تبدیلی کی خواہش مند تھی۔ چنان چہ اظہار خیال کے لیے  نئے  اسلوب کی تشکیل کا عمل شروع ہوا، اور یہیں سے اسلوب کی سطح پر تجربات کے دور کا آغاز ہوا۔ موضوعات میں انفرادیت اور نئے پن کی جستجو نے انھیں اجتماعی موضوعات سے دورکردیا۔ کبھی افسانے میں کردار کو، کبھی کہانی کو رد کیا گیا۔ افسانہ نگار اپنی بات اشاروں، کنایوں، تشبیہات و استعارات میں بیان کرنے لگا۔ حقیقت نگاری کا اسلوب علامتی اور تمثیلی پیرایہ بیان اختیار کرتا چلاگیا۔ اسی دور میں قاری تلازمہ خیال، خود کلامی، شعور کی روکی تکنیک اور آپ بیتی جیسے اسلوب سے متعارف ہوا۔۱۹۷۰ء کے بعد اردو افسانہ نگاری کا اہم مرکز مہاراشٹر رہا۔

Thursday, September 24, 2026

ٹھاکر پونچھی کی ناول نگاری


📖 قارئینِ کرام! قادرالکلام ماہنامہ کے خصوصی شمارہ ’’آزادیِ ہند اور اردو ادب‘‘ میں شامل ایک اہم تحقیقی مضمون پیشِ خدمت ہے۔

  غلام مرتضی (ریسرچ اسکالر)

(اگرچہ ٹھاکر پونچھی کے ناولوں کا مرکزی موضوع ہندوستان کی تحریکِ آزادی نہیں، تاہم ان کی تخلیقات میں آزادیِ فکر، سماجی شعور، استحصال کے خلاف مزاحمت، انسانی وقار اور معاشرتی تبدیلی جیسے عناصر نمایاں ہیں۔ اسی ادبی اور فکری نسبت کے پیشِ نظر آزادی کے خصوصی شمارے میں ان کی ناول نگاری پر یہ مقالہ شامل کیا جا رہا ہے۔    ادارہ  )
ٹھاکر پونچھی کا اصل نام موہن لال تھا۔ اپنے علاقے میں وہ جگن ناتھ ٹھاکر کے نام سے جانے جاتے تھے، تاہم ادبی حلقوں میں انہیں ’’ٹھاکر پونچھی‘‘ کے نام سے شہرت حاصل ہوئی۔ ٹھاکر پونچھی ضلع پونچھ کے ایک راجپوت خاندان میں 31 دسمبر 1922ء کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام بیم سنگھ تھا، جن کا شمار پونچھ کے ممتاز کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ وہ خصوصاً ورزشی کھیلوں، مثلاً پولو اور نیزہ بازی میں غیر معمولی مہارت رکھتے تھے۔ اپنی منفرد صلاحیتوں کے باعث وہ جلد ہی عوام و خواص میں مقبول ہو گئے۔ پونچھ کے راجہ جگت دیو سنگھ بھی ان سے خاص انسیت رکھتے تھے اور انہیں اپنی نجی محفلوں میں شرکت کی دعوت دیا کرتے تھے۔
ٹھاکر پونچھی اکثر اپنے والد کے ہمراہ محل میں آیا جایا کرتے تھے۔ بچپن ہی سے شاہی ماحول سے وابستگی کے باعث ان کی تربیت نہایت عمدہ انداز میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم مقامی وکٹوریہ جوبلی اسکول سے حاصل کی۔ بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے پرنس آف ویلیز کالج میں داخلہ لیا، جو آج جموں میں گاندھی میموریل کالج کے نام سے معروف ہے۔ اسی ادارے سے انہوں نے بی۔اے کی ڈگری حاصل کی۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد ٹھاکر پونچھی محکمۂ سپلائیز سے وابستہ ہوئے، لیکن اس ملازمت میں انہوں نے اپنے مزاج کے مطابق اطمینان محسوس نہ کیا، لہٰذا اسے ترک کر دیا۔ بعد ازاں انہوں نے آل انڈیا ریڈیو میں ملازمت اختیار کی، جہاں ڈوگری نیوز سروس میں بطور سب ایڈیٹر اپنی خدمات انجام دیں۔ وہ 1971ء تک آل انڈیا ریڈیو سے وابستہ رہے۔ بعد میں ان کا تبادلہ جموں ریڈیو اسٹیشن میں ہو گیا۔اگرچہ وہاں بھی ان کی بنیادی ذمہ داری ڈوگری زبان سے متعلق تھی، تاہم انہوں نے اردو ادب کی جانب بھی خصوصی توجہ دی۔ زندگی کے آخری ایام میں انہوں نے ’’اب میں وہاں نہیں رہتا‘‘ کے عنوان سے ایک ناول تحریر کیا۔ اس ناول کی تکمیل کے صرف دو روز بعد، 16 اگست 1974ء کو، وہ اس دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔

Wednesday, September 23, 2026

مجاہد آزادی مولانا آزاد کی ادبی خدمات


📖 زیرِ نظر تحقیقی مضمون ’’مجاہدِ آزادی مولانا آزاد کی ادبی خدمات‘‘ شہینا ناز (ریسرچ اسکالر، جمشید پور) نے تحریر کیا ہے، جس میں مولانا ابوالکلام آزاد کی ادبی و فکری خدمات کا تحقیقی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

 شہینہ ناز (ریسرچ اسکالر، جمشید پور)

   مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت کے لیے کثیر الجہات اور جامع صفات جیسے الفاظ  عموماً  استعمال کر دئیے جاتے ہیں۔ در اصل مولانا آزاد جیسی شخصیتوں کے لیے بنے ہی نہیں ہیں ان کی شخصی اور دانش ورانہ توانائیاں اتنی شدید اور وسعت آشنا ہوتی ہیں کہ وہ کسی ایک شناخت، راہ اور سمت میں محدود نہیں رہ سکتیں۔ ایسی شخصیتیں در اصل شخصیتوں کا ایک مجموعہ ہوتی ہیں اور وہ ہر لمحہ خود اپنے آپ کو اور اپنے اطراف کی دنیا کو تراشیدم، پرستیدم، شکستم کی رو میں بناتی، توڑتی اور پھر بناتی رہتی ہیں۔ ایسی شخصیتیں خارج کی بجائے خود اپنے آپ میں مرکوز ہوتی ہیں اور ان کی تخلیقی انفرادیت اس مرکز سے شعور و ادراک اور باہری دنیا کے زمین و آسمان پر تصورات و خیالات کے حملے کر کے انہیں اپنازیر نگیں کرتی رہتی ہے۔مولانا آزاد بہ یک وقت ایک بے پناہ عالم دین، دیدہ ور اور نکتہ رس مفسر قرآن، انسان شناس مفکر، سماجی و سیاسی ادراک کے منتہی، نہایت جری و بے باک صحافی، عربی و فارسی شعر و ادب کے پارکھ، اردو کے منفر دانشا پرداز، سحر طر از خطیب، سیاست دان، مدیر، منتظم، ادارہ ساز اور سب سے بڑھ کر نفیس ترین انسانی و اخلاقی اقدار کی حامل ایک ایسی تہذیبی شخصیت تھے جسے قدرت کی طرف سے اشیا اور افکار وحالات کی ماہیت کی گہرائیوں تک نہایت برق رفتاری سے پہنچ سکنے والی نورانی ذہانت اور بصیرت بخشی گئی تھی۔ ان کی عبقری شخصیت کے ان تمام پہلوؤں پر الگ الگ اور مجموعی اعتبار سے بہت کچھ لکھا گیا ہے۔ یہاں ہمارا مقصد اس پوری وسعت کا احاطہ کرنا نہیں ہے۔ ہماری دل چسپی یہاں مولانا آزاد کی تخلیقی انفرادیت اور حرکی توانائی کے اس وفور سے ہے جو بہت کم عمری میں ہی ان کی ذات کے آئینے میں منعکس ہونے لگی تھی اور جس نے ان کے زمیں گیر اور آسماں پیما  تخیل اور دانش کو فکر و عمل کے ان سانچوں میں ڈھالا جن کی یک جائی کو آج ہم مولانا ابوالکلام آزاد کے نام سے جانتے ہیں۔

Tuesday, September 22, 2026

آزادیِ ہند اور اردو ناول نگاری


 پیشِ خدمت ہے عامر خان (ریسرچ اسکالر، رام پور) کا تحقیقی مضمون ’’آزادیِ ہند اور اردو ناول نگاری‘‘، جس میں اردو ناول کے ذریعے تحریکِ آزادی، قومی شعور اور عہد کے سماجی و تہذیبی حالات کی عکاسی کا جائزہ لیا گیا ہے۔

عامر خان (ریسرچ اسکالر، رام پور)

  لفظ ناول اطالوی زبان کا لفظ ہے جو لفظ ناویلا سے مشتق ہے۔ ناول کے معنی نئی چیز کے ہیں۔ڈاکٹر عبادت بریلوی اپنی تحریروں میں لکھتے ہیں کہ صنف ِ ناول ایک طویل نثری قصہ ہے جس میں انسانی زندگی کو کرداروں، واقعات اور معاشرتی حالات کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ 

ای،ایم فوریسٹر (E.M. Forester)کے مطابق ناول ایک ایسا نثری بیانیہ ہے جس میں کردار ، واقعات اور انسانی زندگی کا تسلسل فن کارانہ اسلوب میں پیش کیا جاتا ہے۔مجموعی طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ناول نثری صنف ادب ہے۔ 

ادب اور سماج کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے اسی لیے ادب کسی بھی قوم کی تہذیبی، سماجی اور سیاسی زندگی کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ جب برصغیر میں انگریزوں کے خلاف آزادی کی تحریک نے زور پکڑا تو اردو ادب کی تمام اصناف اس سے متاثر ہوئیں۔ اردو شاعری کے ساتھ ساتھ اردو ناول نے بھی قومی شعور، سیاسی بیداری، سماجی اصلاح اور آزادی کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ اگرچہ ابتدائی اردو ناولوں کا بنیادی مقصد اصلاحِ معاشرہ تھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ناول نگاروں نے قومی غلامی، سامراجی استحصال، فرقہ واریت، کسانوں اور مزدوروں کے مسائل اور آزادی کی جدوجہد کو بھی اپنا موضوع بنایا۔ اس طرح اردو ناول محض تفریح کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ قومی بیداری اور فکری مزاحمت کا مؤثر وسیلہ بھی بن گیا۔ ہندوستان میں قومی بیداری کی جو لہر اٹھی تھی ۔اس میں اگرچہ بنیادی طور پر یہاں کے سیاسی و اقتصادی حالات اور برطانوی سرمایہ داری کی سخت گیریوں کو خاصہ دخل تھا لیکن قومیت کے جدید تصور کے ساتھ ہی بین الاقوامی مسائل کا شعور بھی آہستہ آہستہ ابھر رہا تھا۔ ہندوستان کے فکشن نگاروں کو یہ احساس ہو گیا تھا کہ اب سیاسی و سماجی مسائل کی سطح ملکی اور علاقائی حدود سے نکل کر ایک وسیع تر سرحد میں داخل ہو رہی ہیں۔

Saturday, September 19, 2026

جدوجہد آزادی اور اردو صحافت

"جدوجہدِ آزادی اور اردو صحافت" عبداللہ، ریسرچ اسکالر، شعبۂ اردو، خواجہ معین الدین چشتی لینگویج یونیورسٹی، لکھنؤ کا تحقیقی مضمون ہے، جس میں ہندوستان کی آزادی کی تحریک کے دوران اردو صحافت کے فکری، سیاسی اور عوامی کردار کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

 عبداللہ(ریسرچ اسکالر،لکھنو)

 صحافت کسی بھی مہذب معاشرے کی فکری، سماجی اور سیاسی زندگی کا ایک ناگزیر جزو ہے۔ یہ محض خبروں کی ترسیل کا ذریعہ نہیں بلکہ عوامی شعور کی تشکیل، افکار و نظریات کی اشاعت، سماجی اصلاح، سیاسی رہنمائی اور قومی بیداری کا مؤثر وسیلہ بھی ہے۔ تاریخ اس حقیقت کی شاہد ہے کہ جب بھی کسی قوم نے آزادی، انصاف یا بنیادی انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کی، صحافت نے اس تحریک کو سمت دینے، عوام کو باخبر رکھنے اور ظلم و استبداد کے خلاف رائے عامہ ہم وار کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ صحافت کو کسی بھی قوم کا ضمیر اور عوامی احساسات کا ترجمان قرار دیا جاتا ہے۔برصغیر میں صحافت کا آغاز اگرچہ انگریزی اور فارسی اخبارات سے ہوا، لیکن بہت جلد اردو نے بھی عوامی رابطے کی زبان کی حیثیت سے اپنی منفرد شناخت قائم کرلی،اور صحافت کے میدان میں قدم جمالیا۔ چوں کہ اردو مختلف مذہبی اور لسانی طبقات کے درمیان رابطے کا ذریعہ تھی، اس لیے اخبارات کے لیے بھی یہی زبان زیادہ مؤثر ثابت ہوئی۔اردو صحافت کی باقاعدہ تاریخ 27 مارچ 1822ء سے شروع ہوتی ہے، جب کلکتہ سے "جامِ جہاں نما" جاری ہوا۔ اس کے بانی منشی ہری ہر دت تھے جب کہ اس کی ادارت منشی سدا سکھ لال کے سپرد تھی۔ اس سلسلے میں نادر علی خاں لکھتے ہیں:

"اردو اردو زبان کا پہلا اخبار جامِ جہاں نماہے جو 27 مارچ 1822ء کو کلکتے سے جاری کیا گیا تھا۔ یہ منشی سدا سکھ مرزا پوری کی ادارت میں مطبع مشن پریس میں طبع ہوکر ہری ہر دت کے اہتمام سے شائع ہوا تھا"

(نادر علی خاں، اردو صحافت کی تاریخ، ص: 33)

Friday, September 18, 2026

تحریک ِ آزادی ٔ ہند میں قومی یکجہتی


سعدیہ فاطمہ کا تحقیقی مضمون "تحریکِ آزادیِ ہند میں قومی یکجہتی" ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں قومی اتحاد، ہندو مسلم یکجہتی، رہنماؤں، خواتین، انقلابی تحریک اور ادب و صحافت کے کردار کا جائزہ پیش کرتا ہے۔
 سعدیہ فاطمہ(ریسرچ اسکالر،ناندیڑ)

تحریکِ آزادی سے مراد وہ منظم جدوجہد ہے جو کسی قوم یا ملک کے لوگ غیر ملکی غلامی، استعماری حکومت یا جابرانہ اقتدار سے نجات حاصل کرنے اور آزادی، خودمختاری اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے کرتے ہیں،ہندوستان کے تناظر میں تحریکِ آزادی سے مراد وہ طویل جدوجہد ہے جو ہندوستانی عوام نے تقریباً 1857ء سے 1947ء تک برطانوی حکومت کے خلاف کی اس تحریک میں مختلف مذاہب، زبانوں اور علاقوں کے لوگوں نے حصہ لیا، جن کے نتیجے میں 15 اگست 1947ء کو ہندوستان آزاد ہوا، یعنی 

‘‘تحریکِ آزادی وہ اجتماعی جدوجہد ہے جس کے ذریعے کوئی قوم غیر ملکی یا جابرانہ حکومت سے نجات حاصل کر کے آزادی اور خودمختاری حاصل کرتی ہے،،
ہندوستان کی تحریک آزادی دنیا کی عظیم ترین عوامی تحریکوں میں شمار کی جاتی ہے، یہ صرف برطانوی استعمار سے نجات کی جدو جہد نہیں تھی بلکہ مختلف زبانوں، ثقافتوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی قومی یکجہتی، باہمی تعاون اور مشترکہ جدوجہد کی ایک بے مثال داستان بھی تھی، آزادی کی اس تحریک نے ہندوستانیوں میں یہ احساس مذہبی لسانی اور علاقائی اختلاف سے بالا تر ہو کر ایک متحد قوم کی حثیت سے ہی آزادی حاصل کی جا سکتی ہے یہی قومی یکجہتی ہندوستان کی آزادی کی سب سے بڑی قوت ثابت ہوئی، اس تحریک کی سب سے نمایاں خصوصیت قومی یکجہتی ہی تھی، جس نے مذہب، زبان، ذات، نسل اور علاقائی اختلافات سے بالاتر ہوکر ہندوستانیوں کو ایک مشترکہ مقصد، یعنی آزادیِ وطن، کے لئے متحد کیا، ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی، پارسی اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے یکساں جوش و جذبے کے ساتھ انگریز سامراج کے خلاف جدوجہد کی،یہی اتحاد ہندوستان کی آزادی کا سب سے بڑا سرمایہ ثابت ہوا۔

Thursday, September 17, 2026

شاہ کار علم و دانش : کلیلہ و دمنہ (پنچ تنتر )


"شاہ کارِ علم و دانش: کلیلہ و دمنہ (پنچ تنتر)" پروفیسر شاہد نوخیز اعظمی کا تحقیقی و ادبی مضمون ہے، جس میں کلیلہ و دمنہ کی علمی، ادبی اور فکری اہمیت کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

 پروفیسر شاہد نوخیز اعظمی

 فارسی ادب کا  دامن علمی اعتبار  سے مالامال ہے۔ طاہری دور سے صفوی اور قاچاری دور کے علما ئے  ادب نے بے شمار نادر و نایاب کتابیں تصنیف کیں جن میں رودکی، دقیقی، اور فردوسی کا شاہ نامہ، رومی کی مثنوی معنوی، عطار کی منطق الطیر اور تذکرہ اولیاء، طوسی کا سیاست نامہ، غزالی کی کیمیائے سعادت، سمرقندی کا چار مقالہ اور سعدی کی گلستان و بوستان خصوصیات کے ساتھ قابل ذکر شاہ کار ہیں۔ انھیں کتابوں میں ایک معروف کتاب کلیلہ و دمنہ ہے، جسے سنسکرت، پہلوی، عربی اور فارسی ادبیات نے اپنے اپنے دامن میں سجا کر اپنے حسن کو حسین تر و وسیع کرنے کی کوشش کی۔ دنیا کی پہلی کتاب ہے جو  تراجم کے مختلف مرحلوں سے گزری اور مختلف ناموں سے مشہور ہوئی، اس کے اصلی نام  وجہ تصنیف  اور مصنف و مؤلف کے بارے میں بہت اختلاف پایا جاتا ہے، کلیلہ و دمنہ کے متعلق عوفی کی رائے مختلف ہے تو دولت شاہ سمرقندی کی رائے مختلف۔ براؤن کی تحقیق کچھ اور کہتی ہے تو رضا زادہ شفق اور ملک الشعرا بہار کی تحقیق کچھ اور۔ بہرحال بیش تر تذکرہ نگار اور محققین اس بات پر متفق ہیں اور خود کلیلہ و دمنہ کا مقدمہ اس بات کا شاہد ہے کہ اس کی اصل سنسکرت ہے اور اس کا نام پنچ تنتر ہے اور اس کا مصنف و شنوشرما ہے۔ وجہ تصنیف کے متعلق ایک معتبر روایت یہ ملتی ہے کہ قدیم ہندوستان جہاں تہذیب و تمدن کا گہوارا تھا اور علم کی دیوی جہاںنواس کرتی تھی وہیں راجاؤں کے بیٹے علم سے گریزاں  رہتے تھے اور لاکھ کوشش و کاوش کے بعد بھی ان کا دل مائل بہ علم نہیں ہوتا تھا۔ وشنو شرما نے انھیں شہزادوں کی تعلیم کی ذمہ داری اپنے سرلی اور پنچ تنتر تحریر کی۔

Wednesday, September 9, 2026

پہلی جنگ آزادی کا شورشی دورانیہ اور اردو شاعری


"پہلی جنگِ آزادی کا شورشی دورانیہ اور اردو شاعری"
معروف ریسرچ اسکالر نغمہ فردوس کا تحقیقی مضمون ہے۔ اس مضمون میں 1857ء کی جنگِ آزادی کے شورشی دور اور اس کے اردو شاعری پر مرتب ہونے والے اثرات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

نغمہ فردوس (ریسرچ اسکالر، اورنگ آباد)

 ’’ادب زندگی اور تہذیب کا عکاس وترجمان ہوتا ہے۔‘‘ ادب انسان کے خیالات وجذبات کے اظہار کا نام ہے۔ ادیب وشاعر اپنے زمانے کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ اس کے یہاں زندگی اور تہذیب کا عکس نمایاں ہوتا ہے۔ جو کچھ دیکھتا ہے اسے اپنے قلم سے صفحہ قرطاس پر بکھیردیتاہے۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ دنیا کے تمام ادب کی ابتدا شاعری سے ہوئی۔ اردو زبان وادب کی ابتدا بھی شاعری سے ہوئی۔1857ء کی جنگ آزادی میں بھی اردو شاعری نے اہم کردار ادا کیا۔ اردو چوں کہ ایک مخلوط زبان ہے، اس کی ترویج واشاعت میں ہندوؤں اور مسلمانوںدونوں کا حصہ ہے۔ پنڈت برج موہن دتا ترکیفی نے سچ ہی کہاہے  ؎

اردو بنی ہے مسلم وہندو کے میل سے

دونوں نے صرف اس پہ دماغ اور دل کیے

قوموں کے اتحاد کا یہ شاہکار ہے

کلچر کا اس کی ذات پہ دارومدار ہے

تاریخ ہند کی ہے وہ سرتاج آج تک

ہے اتحاد وانس کی معراج آج تک

Monday, September 7, 2026

کلام ظفر میں استعماری ظلم کے خلاف احتجاج


یہ مضمون ڈاکٹر محمد کاشف، اسسٹنٹ پروفیسر، الہٰ آباد یونیورسٹی، کا تحقیقی مضمون ہے۔ اس میں بہادر شاہ ظفر کی شاعری کے ذریعے برطانوی استعمار کے ظلم، سیاسی غلامی، دہلی کی تباہی، تہذیبی زوال اور آزادی کی آرزو کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ مضمون خاص طور پر ظفر کے شعری استعاروں اور علامتی احتجاج کو 1857ء کی جنگِ آزادی کے تاریخی پس منظر میں واضح کرتا ہے۔

 ڈاکٹر محمد کاشف(اسسٹنٹ پروفیسر،الہ آباد یونیورسٹی) 

برصغیرکی سیاسی،سماجی اورتہذیبی تاریخ میں1857 کی جنگ آزادی ایک ایساعظیم اورفیصلہ کن واقعہ ہے جس نے نہ صرف ہندوستان کےسیاسی نقشے کوتبدیل کیا بلکہ اس کے ادبی اورفکری شعور پربھی گہرے اثرات مرتب کیے۔یہ تحریک صرف انگریزسامراج کےخلاف ایک عسکری بغاوت نہیں تھی بلکہ ہندوستانی عوام کی آزادی خودمختاری،تہذیبی شناخت اور انسانی وقار کی ایک ہمہ گیر جدوجہد تھی۔اس تحریک کی علامتی قیادت ہندوستان کےآخری مغل تاجدارابو ظفر سراج الدین محمد بہادر شاہ ظفر نے کی جن کی شخصیت سیاست،تہذیب اور ادب کےسنگم پرایک منفرد مقام رکھتی ہے۔اگرچہ ان کے پاس عملی اقتدار نہ ہونےکےبرابر تھا،لیکن ہندوستانی عوام نےانہیں اپنی اجتماعی امنگوں اور آزادی کےخواب کی علامت کےطور پر قبول کیا۔بہادر شاہ ظفر کا عہد مغلیہ سلطنت کےزوال،برطانوی استعمار کےعروج اور ہندوستانی معاشرےکی تہذیبی و سیاسی شکست کا عہد تھا۔ایسٹ انڈیا کمپنی کی استعماری پالیسیوں،معاشی استحصال،مقامی ریاستوں کےالحاق،مذہبی معاملات میں مداخلت اور فوجی بےاطمینانی نےپورےملک میں اضطراب پیدا کر دیا تھا۔یہی بےچینی بالآخر 1857 کی جنگِ آزادی کی صورت میں ظاہر ہوئ اگرچہ یہ تحریک عسکری اعتبار سے ناکام ہوئی،لیکن اس نے ہندوستانیوں کےاندرآزادی کےشعور کو ہمیشہ کےلیےبیدارکر دیا۔جنگ کی ناکامی کےبعد بہادر شاہ ظفر کو گرفتار کرکےرنگون جلا وطن کر دیا گیا،ان کےشہزادوں کو قتل کر دیا گیا اور مغلیہ سلطنت کا ہمیشہ کے لیےخاتمہ ہو گیا۔

بہادر شاہ ظفر کی شاعری کےبارےمیں طویل عرصےتک یہ تاثر قائم رہا کہ وہ ایک ایسےشاعر ہیں جن کےکلام میں صرف محرومی، حسرت، مایوسی اور ذاتی غم کی کیفیت نمایاں ہے۔اس تصور کےباعث ان کی شاعری کو زیادہ تر ایک معزول بادشاہ کی المناک داستان کےطور پر دیکھا جاتا رہا۔ تاہم جدید ادبی تحقیق اور تنقیدی مطالعات نے اس نقطۂنظر کو نئی جہت عطا کی ہے۔ جب بہادرشاہ ظفر کےکلام کامطالعہ ان کےعہد کےسیاسی،سماجی اور تاریخی حالات کےتناظر میں کیا جاتا ہےتو یہ حقیقت سامنےآتی ہےکہ انکی شاعری صرف ذاتی رنج و الم کا اظہار نہیں،بلکہ نوآبادیاتی استبداد،سیاسی غلامی اور تہذیبی زوال کےخلاف ایک خاموش مگر بامعنی مزاحمت بھی ہے۔

Sunday, September 6, 2026

برطانوی سامراج اوراردوکامزاحمتی ادب


پروفیسر سید محمود کاظمی کا یہ اہم تحقیقی مضمون "برطانوی سامراج اور اردو کا مزاحمتی ادب" اردو ادب میں مزاحمت، قومی بیداری اور تحریکِ آزادی کے مختلف ادبی اظہار کا جائزہ پیش کرتا ہے۔ مضمون میں غالب، بہادر شاہ ظفر، چکبست، اقبال، جوش، پریم چند اور دیگر شعراء و ادباء کے حوالے سے برطانوی سامراج کے خلاف اردو ادب کے مزاحمتی کردار کو واضح کیا گیا ہے۔

 پروفیسرسید محمود کاظمی

ادب ماحول و معاشرے کی پیداوار ہونے کے ساتھ ان احوال وافکار اور جذبات واحساسات کا ترجمان ہوتاہے جو افراد معاشرہ  کے دل ودماغ میں پرورش پاتے ہیں ۔کسی بھی ادیب وشاعر کے لیے یہ کس طرح ممکن ہے کہ اس کے اطراف میں اچھا یا بُراکچھ  ہورہاہواور وہ اس کاکوئی بھی اثرقبول نہ کرے۔ ہم جسے سماجی یاعصری آگہی کانام دیتے ہیںوہ یوںہی تو نہیں پیداہوتی۔اس کے لیے ایک جاگتے ہوئے ذہن اور محسوس کرنے والے دل کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ دونوںکسی ادیب یاشاعر کاسرمایۂ حیات نہ ہوں ایسا کہاں ہوسکتا ہے۔ کہاتویہ جاتاہے کہ کسی بھی انسانی سماج میںتخلیق کاروفنکار ہی سب سے زیادہ حساس ہوتاہے پھریہ کیسے ممکن ہے کہ وہ محسوس توکرے لیکن اس کااظہار نہ کرے۔ وہ اظہار کرتاہے اور پوری شدت سے کرتاہے بلکہ اُس وقت تو یہ شدت اوربھی بڑھ جاتی ہے جب دستورزباںبندی نافذکردیا جائے اورفکرواظہار کے تمام راستوںپر پہرے بٹھادیے جائیں۔ ہندوستان میں جب ہم برطانوی سامراج قائم ہونے کے بعد کی صورت حال پرغورکرتے ہیںتو اگر ایک طرف انگریزحکمرانوںکے ذریعے فکرواظہار پر لگائی گئی پابندیوںکامشاہدہ کرتے ہیں تودوسری جانب اس وقت کے ادیبوں،شاعروں، صحافیوں، ناول وافسانہ نگاروں کے قلم سے نکلتی ہوئی ان چنگاریوںکی آنچ بھی ہمیں محسوس ہوتی ہے جو ہندی،اردواور دیگرہندوستانی زبانوںمیں لکھے گئے تخلیقی ادب میں موجود ہیں۔ چونکہ مجھے اردوزبان وادب کے حوالے سے گفتگوکرنی ہے اس لیے اس سلسلے میں سب سے پہلے اردو کے اس شعرکاذکرکروںگا جو 1757ء میںپلاسی کی جنگ میںبنگال کے نواب سراج الدولہ کے مارے جانے پر اس کے دوست رام نرائن لعل موزوںنے کہاتھا۔شعرملاحظہ ہو  ؎ 

غزالاں تم تو واقف ہو کہو مجنوںکے مرنے کی

دوانہ مرگیا، آخر کو ویرانے پہ کیا گزری 

Saturday, September 5, 2026

تحریک آزادی اور برج نرائن چکبستؔ


پروفیسر زماں  آزردہ  (کشمیر)

یہ مضمون معروف قومی شاعر برج نرائن چکبستؔ کی شاعری اور تحریکِ آزادیِ ہند میں ان کے کردار کا تحقیقی و تجزیاتی مطالعہ پیش کرتا ہے۔ مضمون میں چکبستؔ کی نظموں کے ذریعے حبِ وطن، قومی بیداری، خود اعتمادی، ہندو مسلم اتحاد اور آزادی کے جذبے کو اجاگر کیا گیا ہے


 ہندوستان میں جنگ آزادییوں تو کئی محاذوں پر لڑی گئی مگر اس جنگ میں جس ہتھیار کا سب سے زیادہ استعمال ہوا وہ زبان اردو ہے۔ اس میں اردو صحافت اور اردو شاعری خاص طور سے نظم پیش پیش ہے۔ حب الوطنی کے جذبے کو بیدار کرنے میں ہمارے جن نظم نگاروں نے حصہ لیا ان میں برج نرائن چکبستؔ کا نام نامی خاص طور سے قابل ذکر ہے۔

جنگ آزادی میں لوگوں کے دلی جذبات کارول سب سے اہم رہا ہے۔ یہ اصل میں جنگ نہیں بل کہ ایک جوش اور ولولہ تھا جس کے آگے حکومت کے ہتھکنڈے ٹھہر نہ سکے۔ اس کی دو صورتیں تھیں، ایک یہ کہ وطن کی مٹی سے محبت ہو اور دوسرے وطن کی سرزمین پر جو غاصب قبضہ کیے ہوئے ہوں ان سے نفرت پیدا ہو۔ یہ جذبہ بیدار کرنے کے لیے لوگوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے کی ضرورت تھی۔ ہندوستانی کو تمام آسائشیں اور سہولتیں اپنے وطن سے باہر نظر آتی تھیں۔ خود اعتمادی اور خود شناسی کا دور دور تک پتہ نہیں تھا۔ چکبستؔکی نظموں نے یہ تاثر کافی حد تک دور کر دیا۔ انھوں نے درخشندہ ماضی، زوال آمادہ حال اور خوش آئند مستقبل تینوں کی نشان دہی کی۔ پروفیسر مسعود حسن رضویادیب لکھتے ہیں:

’’چکبستؔ نے مختلف موضوعوں پر نظمیں کہی ہیں مگر ان کی بنیاد جس جذبے پر قائم ہے وہ وطن کی محبت اور اہل وطن کی بہبود کی خواہش ہے۔ چکبستؔ نے اپنی نظموں کے مجموعے کا نام ’صبح وطن‘ رکھا ہے۔ اس سے بھی اسی بنیادی جذبے کا اظہار ہو رہا ہے۔چکبستؔ حقیقی وطنیت اور صحیح قومیت کے علم بردار تھے ۔‘‘ 

اقبال کی بچوں کے لیے نظمیں: ایک جائزہ

علامہ محمد اقبال اردو ادب کے عظیم شاعروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی شاعری جہاں فکری گہرائی اور فلسفیانہ بصیرت کی حامل ہے، وہیں بچوں کے لیے لکھ...