Breaking News

New Issue Published • Ocotber 2026 Edition Available • Submit Your Research Articles • Welcome to Qadar-ul-Kalam نیا شمارہ شائع ہوگیا • اکتوبر 2026 شمارہ دستیاب • تحقیقی مضامین ارسال کریں • قادرالکلام میں خوش آمدید

Tuesday, September 22, 2026

آزادیِ ہند اور اردو ناول نگاری


 پیشِ خدمت ہے عامر خان (ریسرچ اسکالر، رام پور) کا تحقیقی مضمون ’’آزادیِ ہند اور اردو ناول نگاری‘‘، جس میں اردو ناول کے ذریعے تحریکِ آزادی، قومی شعور اور عہد کے سماجی و تہذیبی حالات کی عکاسی کا جائزہ لیا گیا ہے۔

عامر خان (ریسرچ اسکالر، رام پور)

  لفظ ناول اطالوی زبان کا لفظ ہے جو لفظ ناویلا سے مشتق ہے۔ ناول کے معنی نئی چیز کے ہیں۔ڈاکٹر عبادت بریلوی اپنی تحریروں میں لکھتے ہیں کہ صنف ِ ناول ایک طویل نثری قصہ ہے جس میں انسانی زندگی کو کرداروں، واقعات اور معاشرتی حالات کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ 

ای،ایم فوریسٹر (E.M. Forester)کے مطابق ناول ایک ایسا نثری بیانیہ ہے جس میں کردار ، واقعات اور انسانی زندگی کا تسلسل فن کارانہ اسلوب میں پیش کیا جاتا ہے۔مجموعی طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ناول نثری صنف ادب ہے۔ 

ادب اور سماج کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے اسی لیے ادب کسی بھی قوم کی تہذیبی، سماجی اور سیاسی زندگی کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ جب برصغیر میں انگریزوں کے خلاف آزادی کی تحریک نے زور پکڑا تو اردو ادب کی تمام اصناف اس سے متاثر ہوئیں۔ اردو شاعری کے ساتھ ساتھ اردو ناول نے بھی قومی شعور، سیاسی بیداری، سماجی اصلاح اور آزادی کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ اگرچہ ابتدائی اردو ناولوں کا بنیادی مقصد اصلاحِ معاشرہ تھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ناول نگاروں نے قومی غلامی، سامراجی استحصال، فرقہ واریت، کسانوں اور مزدوروں کے مسائل اور آزادی کی جدوجہد کو بھی اپنا موضوع بنایا۔ اس طرح اردو ناول محض تفریح کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ قومی بیداری اور فکری مزاحمت کا مؤثر وسیلہ بھی بن گیا۔ ہندوستان میں قومی بیداری کی جو لہر اٹھی تھی ۔اس میں اگرچہ بنیادی طور پر یہاں کے سیاسی و اقتصادی حالات اور برطانوی سرمایہ داری کی سخت گیریوں کو خاصہ دخل تھا لیکن قومیت کے جدید تصور کے ساتھ ہی بین الاقوامی مسائل کا شعور بھی آہستہ آہستہ ابھر رہا تھا۔ ہندوستان کے فکشن نگاروں کو یہ احساس ہو گیا تھا کہ اب سیاسی و سماجی مسائل کی سطح ملکی اور علاقائی حدود سے نکل کر ایک وسیع تر سرحد میں داخل ہو رہی ہیں۔

آزادی کی تحریک اور اردو ناول کا پس منظر

1857ء کی جنگِ آزادی نے ہندوستان کی سیاسی، سماجی اور ادبی فضا کو یکسر بدل دیا۔ اس کے بعد انگریزی حکومت نے سخت گیر پالیسیاں اختیار کیں، لیکن ہندوستانیوں میں آزادی کا جذبہ بھی مضبوطی پکڑتا گیا۔ اس ضمن میں سرسید احمد خاں کی تعلیمی تحریک، علی گڑھ تحریک، محمد علی جوہر کی خلافت تحریک، عدم تعاون تحریک، سول نافرمانی اور ہندوستان چھوڑو تحریک جیسے سیاسی مراحل نے اردو ادب کو نئی فکری جہات عطا کیں۔ ابتدائی اردو ناول نگاروں میں ڈپٹی نذیر احمد، پنڈت رتن ناتھ سرشار اور عبدالحلیم شرر نے اصلاحِ معاشرہ اور تہذیبی شعور کو موضوع بنایا، جب کہ بعد کے ناول نگاروں خصوصاً پریم چند، کرشن چندر، راجندر سنگھ بیدی، قرۃ العین حیدر، شوکت صدیقی، انتظار حسین وغیرہ نے آزادی کی جدوجہد اور اس کے اثرات کو نہایت گہرائی سے پیش کیا۔

اردو ناول نے ہندوستان کے عوام میں قومی شعور بیدار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ناول نگاروں نے غلامی کے نقصانات، انگریز حکومت کی معاشی لوٹ کھسوٹ، جاگیردارانہ استحصال، کسانوں کی بدحالی اور سماجی ناہم واریوں کو حقیقت پسندانہ انداز اور مثالی کرداروں کی صورت میں پیش کیا۔ ناولوں کی مثالی کردار نگاری کے ذریعے بھارت کے عام قاری میں آزادی، مساوات اور انصاف کا جذبہ پیدا ہوا۔ ڈاکٹر احتشام حسین اردو ادب کی تنقیدی تاریخ میں لکھتے ہیں  :

ٌٌ ــ’’ترقی پسند ادب نے عوامی زندگی کے مسائل کو ادب کا موضوع بنا کر آزادی کی تحریک کو فکری بنیاد فراہم کی۔‘‘

  ہندوستان کی آزادی کے سلسلے میں بیسویں صدی کے پہلے فکشن نگار کی حیثیت سے آزادیِ ہند کے تناظر میں پریم چند کا نام سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ پریم چند نے اپنے ناولوں میں ہندوستانی سماج کی حقیقی تصویر پیش کی۔ مثلاً ان کے متعدد افسانے جن میں دنیا کا سب سے انمول رتن،  نمک کا دروغہ،  پوس کی رات اور کفن وغیرہ بہترین شاہ کار تصور کیے جاتے ہیں۔روسی قلم کار میگزم گورکی کی فکشن نگاری سے منشی پریم چند بے حد متاثر تھے۔ انھوں نے مزدوروں اور کسانوں کی زندگی کی عکاسی اور ان کی معاشی تگ و دو کو خوب صورت کرداروں کے ذریعے پیش کیا ہے۔ اس کے سا تھ ساتھ ان کا مشہور زمانہ لازوال اور بے مثال ادبی کارنامہ ناول  ’’گؤدان‘‘  ہے۔ جس میں انھوں نے کسانوں کی زندگی، استحصالی نظام اور معاشرتی ناانصافی کو بیان کیا گیا ہے، جب کہ رن بھومی میں سامراجی قوتوں کے ظلم اور ہندوستانی عوام کی مزاحمت کو نمایاں کیا گیا ہے۔پریم چند کے نزدیک آزادی صرف سیاسی اقتدار کی منتقلی کا نام نہیں بل کہ معاشی، سماجی اور اخلاقی آزادی بھی ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے کردار ظلم کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آتے ہیں جس کی جھلک ان کے ناول گئودان اور میدانِ عمل میں بہ خوبی دیکھی جا سکتی ہے۔

ناول گئودان کا نمونہ اقتباس  :

’’ہوری نے جھنجھلا کر کہا،،اب تم سے محبت کون کرے بھائی؟ ریاست کسی سے چھوڑی جاتی ہے کہ وہی چھوڑ دیں گے۔ہمیں کو کھیتی سے کیا ملتا ہے۔ ہر آدمی کے حساب سے ایک آنا  روج کی مجدور ی بھی نہیں پڑتی جو 10 روپے مہیبھی نوکر ہے۔ وہ ہم سے اچھا کھاتا ہے۔ پھر مر جاؤ بھی تو پالنا ہی پڑتی ہے۔ کھیتی میں جو مر جاوے ہے  نوکری میں تو نہیں ہے ۔اسی طرح زمین داروں کا حال بھی سمجھنا۔ان کی جان کو بھی تو سیکڑوں لوگ لگے ہوئے  ہیں۔ حاکموں کو رسد پہنچاؤ، ان کی سلامی کرو۔ عملوں کو کھس کرو، تاریکھ پر مال گجاری نہ چکاویں  تو حوالات ہو جائے،کل کی نوبت آ جائے،ہمیں تو کوئی حوالات نہیں لے جاتا،دو چار گالیاں یا جھڑکیاں ہی تو مل کر رہ جاتی ہیں۔‘‘

پریم چند نے ناول گئودان اس مایوس کن پس منظر میں لکھا ۔یہی وجہ ہے کہ یہاں آزادی کی جدوجہد اور قومی ترقی تحریک کے تعلق سے کوئی اشارہ نہیں ملتا۔ نہ تو دیہاتیوں کی زندگی پیش کرتے ہوئے ان کے جدوجہد کو بیان کیا گیا۔ گاندھی۔ ارون معاہدہ کے نتیجے میں کسانوں کو لگان دینا پڑا۔ اس سے کسانوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ  و دردناک ہو گئی تھی۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے کسانوں کی اس حالت کے بارے میں لکھا ہے :

’’ہمارے پاس کسان جوق در جوق آتے تھے۔ سخت شا کی تھے کہ آپ کا کہنا ماننا جو دے سکتے تھے دے دیا۔ نتیجہ یہ ہے کہ اکیلے الہ آباد کے ضلعے میں ہزاروں کے سامنے بے دخل کیے گئے اوران کے علاوہ ہزاروں پر کسی نہ کسی طرح کی قانونی کاروائی کی گئی۔‘‘ میری کہانی جلد ایک صفحہ  425

’’کاش یہ لوگ زیادہ تر انسان اور کم تر فرشتہ ہوتے تو اس طرح نہ ٹھکرائے جاتے۔ملک میں جو  کچھ ہو  انقلاب ہی کیوں نہ آجائے مگر اس سے کوئی واسطہ نہیں۔کوئی جماعت ان کے سامنے طاقت ور بن کر آئے۔ اس کے سامنے یہ سر جھکانے کو تیار ہیں۔ان کی معصومیت بے بسی تک پہنچ گئی  ہے۔ جسے کوئی سخت صدمہ ہی ذی حس اور متحرک بنا سکتا ہے۔ان کی آتما تو ہر طرف سے ہو کر اب اپنے اندر ہی پیڑ توڑ کر بیٹھ گئی ہے۔ گویا ان میں زندگی کا احساس ہی نہیں ہے۔‘‘ (گئودان صفحہ نمبر 8)

اردو ادب میں کرشن چندر نے بھی اپنے فن کا اظہار ناول کے ذریعے کیا ہے۔انھوں نے کم و بیش ہر صنف پر اپنی چابک دستی کی چھاپ چھوڑی ہے۔ اردو فکشن کی تاریخ میں کرشن چندر کی افسانہ نگاری کو ہی زیادہ مقبولیت اور اہمیت ملی ہے لیکن اس کے باوجود ان کے ناولوں میں بھی ایسے کردار دیکھنے کو ملتے ہیںجو اردو ناول نگاری کا گراں قدر سرمایہ سمجھا جاتا ہے۔کرشن چندر کے تصنیف کردہ کئی ناول جیسے شکست،جب کھیت جاگے، طوفان کی کلیاں،دل کی وادیاں سوگئیں،ایک عورت ہزار دیوانے، آسمان روشن ہے، باون پتے،چاندی کا گھائو، غدار، ایک گدھے کی سرگذشت، گدھے کی واپسی اور ایک گدھا نیفا میں وغیرہ میں ان کے انفرادی شاعرانہ اسلوب میں بھارت کی تہذیبی وثقافتی تاریخ کی چلتی پھرتی منظر کشی دکھائی دیتی ہے جو کہ دنیائے اردو فکشن میں قدرو منزلت کی نگاہوں سے آج بھی دیکھی جاتی ہے۔

کرشن چندر کا ناول  ’’ایک گدھے کی سرگزشت‘‘  طنزیہ ناول ہے۔ اس ناول کا کینوس اتنا ہی وسیع ہے جتنا کہ ہمارا معاشرہ۔ کرشن چندر نے بوسیدہ معاشی نظام، بے حسی، فرض ناشناس افسر شاہی، شاطر سیاست دانوں ، حصول زر کے لیے نودولتیوں کی اندھی دوڑ اور ان کی ماڈرن زلف بریدہ بیویوں کی اخلاق باختگی، روحانی اقدار کا فقدان، غرض کہ معاشرے کا کوئی پہلو نہیں جس کا انھوں نے احاطہ نہ بیان کیا ہو اور اسے اپنے تیکھے طنز کا ہدف نہ بنایا ہو۔یہ سب انھوں نے ایک گدھے کے توسط سے حسن و خوبی کے ساتھ بیان کیا ہے۔اس ناول میں ملکی سیاست، انتظامیہ، دفتری نظام، تعلیم یافتہ لوگوں ، سیٹھوں،ا خبار نویسوں، ادیبوں اور اکادمیوں کی صورتِ حال کو پیش کیا ہے۔اس ناول کا مرکزی کردار ایک گدھا ہے جو ساری تہذیب کا بوجھ اٹھاتا ہے۔ پنڈت جواہر لال نہرو کے جوش و خروش اور اتاولا پن دیکھ کر اس کے سیاسی نظریات کی ناپختگی عیاں ہوتی تھی اس لیے وہ کہتے ہیں کہ  : ’’یہاں ہندوستان میں کام دھیرے دھیرے ہوگا۔دھیرے دھیرے سماج کا ڈھانچہ بدلے گا۔ دھیرے دھیرے قومی افعال کی اشکال بدلیں گی۔ دھیرے دھیرے ان میں سماجی لچک پیدا ہوگی جو ایک ماڈرن سماج کا خاصہ ہے۔یہ سب کام ایک دن میں نہیں ہو سکتا۔ ہندوستان میں انقلابی تعمیر میں قوتیں انسان کے مخصوص قومی مزاج اور وطنیت میں سمو اور رچ کر اوپر ابھریں گی۔ باہر کی قلم نہیں لگے گی میںتم سے صاف صاف کہہ دیتا ہوں گدھے۔ دھیرے دھیرے سب کام کام ہوگا۔‘‘   (ایک گدھے کی سر گزشت)

مذکورہ اقتباس کو پڑھ کر یہ بات پورے اعتماد کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ ہندوستان کے سیاسی نظام میں سارے دفتری کام دھیرے دھیرے ہوتے ہیں اور کوئی بھی اس کے خلاف احتجاج نہیں کرتا۔ سرکاری ملازمین کے بجائے یہ سارے کام ایک گدھے کو کرنے پڑھ رہے ہیں۔اس کے علاوہ کرشن چندر کا دوسرا ناول غدار ہے جس کا تعلق آزادی ہند سے ہے جس میں تقسیم ملک کے نتیجے میں ہو نے والے فرقہ ورانہ فسادات کا بیان ہوا ہے۔ اس ناول کا مرکزی کردار بیج ناتھ ہے۔ بیج ناتھ ایک بے حد حساس ، انسان دوست ، گداذ دل، امن پسند انسان ہے۔ مذہبی تعصب اسے چھو بھی نہ سکا۔انسانیت پرستی اس کا مذہب ہے۔ وہ نوعِ انسان کو ایک اکائی سمجھتا ہے اور وہ اسے نسل اور مذہب کے نام پر الگ الگ خانوں میں تقسیم کرنے کو کفر گردانتا ہے۔کرشن چندرنے ہجرت کے دوران بیج ناتھ کو جو روح فرسودہ واقعات پیش آئے تھے انھیں ایک لڑی میں پرو کر بڑے موثر انداز میں پیش کرنے کی سعی پہیم کی ہے۔ 

بیسویں صدی کی مشہور اور مقبول فکشن نگار قرۃ العین حیدر نے اپنے پہلے ناول میرے بھی صنم خانے میں آزادی ہند اور تقسیم ہند کے نتائج میں جاگیردارانہ اور سرمایے دارانہ نظام کے زوال اور انحطاط کے سیاق و سباق میں ہندوستان اور اس کی صدیوں پرانی مشترکہ تہذیبی ثقافتی معاشرتی اور تاریخی ثروت مندی کی شکست وریخت اور اس کی تباہی و زوال کی  الم ناکیوں  کو  پیش کیا ہے۔ ناول کے بیانیہ کو اودھ کے قیام قدیم جاگیردارانہ معاشرت کے تانے بانے سے بنا گیا۔ ناول کے پلاٹ میں کروہا راج کے علاقے کی ایک حویلی کو امتیازی حیثیت سے پیش کیا گیا ہے۔ اس حویلی کا تعلق کنور عرفان علی سے ہیں جو جاگیردارانہ معاشرت کے سبب فارسی ادب کی طرف راغب ہوئے۔  نیز ہر طرح کی سیاسی و سماجی اتھل پتھل سے بے نیاز اپنے موروثی اور روایتی اقدار کی پاس داری کرنا اپنا اولین فریضہ سمجھتے ہیں۔ وہ ملک کو درپیش حالات سے بے نیاز نظر آتے ہیں اور شطرنج کھیلنا اور تفریحات وغیرہ ان کے مرغوب مشاغل میں شامل ہیں ۔وہ نئے دولت مند طبقے کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بالآخر اسی کڑھن میں تقسیم ہند کے المیے کے بعد ان کا خاتمہ ہو جاتا ہے لیکن آخر دم تک اپنے رویے میں تبدیلی نہیں لاتے ۔اس طرح مصنفہ نے ناول میں تقسیم ہند اور فسادات کے ساتھ ہندوستان میں طبقاتی کشمکش کو بڑی فنکارانہ چابک دستی سے پیش کیا ہے۔

بعد ازاںقرۃالعین حیدر نے اپنے شاہ کار اور شہرئے آفاق ناول  ’’آگ کا دریا‘‘  میں آزادی ہند اور تقسیم ہند اور اس کے المیے کو پیش کرنے کی خوب صورت سعی پیہم کی ہے ۔انھوں نے اپنے اس ناول میں ہندوستان کی تقسیم اور آزادی کے پس منظر میں ہونے والے الم ناک نقوش ابھارے ہیں۔ ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کے انحطاط کا نوحہ پیش کیا ہے لیکن ان کے گزشتہ ناولوں کے برعکس آگ کا دریا کا کینونس بے حد وسیع ہے۔ یہ ناول روح ہندوستان کا المیہ اور مرثیہ بھی سمجھا جاتا ہے اور ایک بہت ہی وسیع ترین تاریخی پس منظر اور تقسیم ہند کے تناظر میں تصنیف کیا گیا ہے۔ اس ناول کے موضوعات ، کردار، پلاٹ ، مکالمات، زبان و بیان وغیرہ کے متعلق ناقدین کی مختلف آرا ہیں ۔بعض ناقد لکھتے ہیں کہ اس کا موضوع تاریخ ہندوستان ہے، عزیز احمد کے نزدیک اس کا موضوع وقت ہے ،جب کہ بعض تنقید نگاروں کے نزدیک ہندوستانی تہذیب و ثقافت ہے۔ یہ کہنا بے جانہ ہوگا کہ یہ ناول تمام تر موضوعات کا احاطہ کرتا ہے اور اسی لیے اس کو کسی ایک موضوع تک محدود تناظر میں دیکھنا بھی مناسب نہ ہوگا۔ کیوں کہ اس میں قرۃ العین حیدر نے روح کی تنہائی کے کرب ناک پہلوؤں اور حافظے کی اذیت کو سمجھنے کی کوشش کی ہے اور اس کاوش میں فرد کو تاریخ کے تسلسل میں دیکھتے ہوئے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ موجودہ انسان کی روح کا سناٹا اور وجود کا قرب نیا نہیں ہے بلکہ تاریخ کے ہر عہد میں انسان کا مقدر یہی روشنی اور سیاہی رہی ہے اور اسی وجہ سے انسان کو تاریخ کے تجربے کی آگہی اور تلخی برداشت کرنا پڑتی ہے۔

شوکت صدیقی کا ناول  ’’خدا کی بستی‘‘  بے درد سماجی حقیقت نگاری کی اعلیٰ مثال ہے۔ یہ ایک بیانیہ ناول ہے۔ زبردست مشاہدے، سماجی شعور عصری آگہی اور کردار نگاری پر بے پناہ قدرت کے سبب اس ناول کو اردو ادب میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ تحریک آزادی اور تقسیم ہند کے بعد وجود میں آنے والے پاکستانی معاشرے کی خرابیاں یوں تو کئی ناولوں کا موضوع بنیں لیکن شوکت صدیقی نے خدا کی بستی میں یہ فن کارانہ چابک دستی سے اس پورے معاشرے کو قید کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ راجہ اور نوشہ کی غریبی اور پھر جرائم سے وابستگی ،نیاز کباڑی کا اس کی ماں اور بہن سلطانہ کا استحصال کرنا، ڈاکٹر موٹو کی فریب دہی اور جعل سازی غرض کہ ایک جنگ جاری ہے اور جسے فلک پیما کے کارکنان روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شوکت صدیقی کا کمال یہ ہے کہ وہ ناول کے عنوان اور موضوع دونوں کے ساتھ خاطر خواہ انصاف کرتے نظر آتے ہیں۔

اس کے علاوہ بیسویں صدی کے ایک اور مشہور ناول نگار عزیز احمد نے اردو ناول کو نئے شعور اور نئے تجربات و امکانات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے اپنے ناولوں میں مکتوب، ڈائری، سفرنامہ اور شعور کی روح  جیسی انوکھی  تکنیک کے نئے تجربات کیے اور جنسی موضوعات پر بھی بے باکی سے گفتگو کی ہے۔ اس کی مثال ان کے ہم عصروں میں یا پیش روؤں کے یہاں کم ہی پائی جاتی ہے۔ عزیز احمد فرائیڈ کے نظریہ جنس سے متاثر تو تھے ہی،  انھوں نے ماہر نفسیات روسو اور ایڈلر کے اس بیان سے بھی استفادہ کیا ہے کہ  :’’جنس بھوک اور پیاس کی طرح ضروری شے ہے‘‘  تاہم فنی نقطہ نظر سے عزیز احمد کا ناول  ’گریز‘  اور  ’ ایسی بلندی ایسی پستی‘  ان کی نمائندہ تصانیف سمجھی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ ناول  ’آگ‘ میں بھی انھوں نے انوکھے تکنیکی تجربات کیے ہیں۔

ترقی پسند تحریک اور اردو ناول

1936ء میں ترقی پسند تحریک کے آغاز کے بعد اردو ناول نگاری میں انقلابی تبدیلیاں آنا شروع ہوئی ۔ ناول نگاروں نے آزادی کی تحریک کو عوامی جدوجہد سے جوڑا۔کرشن چندر کے ناولوں میں کسان، مزدور اور محروم طبقات کی زندگی کی منظر کشی ہے۔ راجندر سنگھ بیدی نے انسانی دکھوں اور تقسیم کے المیے کو موضوع بنایا، جب کہ عصمت چغتائی نے عورت کی آزادی اور سماجی جبر کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔ ان تمام موضوعات کا تعلق  بالواسطہ یا  بلاواسطہ آزادی کے تصور سے تھا۔ 1947ء کی آزادی کے ساتھ تقسیمِ ہند کا المیہ بھی سامنے آیا۔ اردو ناول نگاروں نے اس سانحے کو گہرے درد کے ساتھ قلم بند کیا۔قرۃ العین حیدر کا  ''آگ کا دریا'' تقسیمِ ہند کے تاریخی، تہذیبی اور فکری پس منظر کو انتہائی وسیع تناظر میں پیش کرتا ہے۔ یہ ناول آزادی کی کامیابی کے ساتھ اس کے المناک نتائج کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

ڈاکٹر احتشام حسین کے مطابق  :’’اردو ناول نے ہندوستانی معاشرے کے بدلتے ہوئے سیاسی شعور کو سب سے زیادہ مؤثر انداز میں پیش کیا۔‘‘ 

ڈاکٹر گوپی چند نارنگ کے نزدیک: ’’ترقی پسند ناول نگاروں نے آزادی کے تصور کو محض سیاسی نعرہ نہیں رہنے دیا بل کہ اسے انسانی آزادی اور سماجی انصاف  سے وابستہ کیا۔‘‘

اردو کے مشہور نقاد اور ڈراما نگار ڈاکٹر محمد حسن اپنی تحریروں میں لکھتے ہیں کہ: ’’اردو ناول میں قومی تحریک اور عوامی زندگی ایک دوسرے سے اس طرح مربوط ہیں کہ ان کے بغیر اردو ناول کی تاریخ  مکمل نہیں ہوسکتی۔‘‘

آزادی سے متعلق اردو ناولوں کی نمایاں خصوصیات یہ ہیں کہ ان میں قومی شعور اور حب الوطنی کا فروغ سامراجی ظلم و استحصال کی عکاسی،کسان، مزدور اور محروم طبقات کے مسائل،فرقہ وارانہ فساد جیسے موضوعات بھارت کی تہذیبی ہم آہنگی کا مظہر قرار دیے جا سکتے ہیں۔ آزادی کے بعد تقسیمِ ہند کے المیے کی بھیانک تصویر کشی،تحریک آزادیِ ہند  اور اردو ناول نگاری کا آپس میں بہت گہرا رشتہ ہے جو کہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ اردو ناول نے آزادی کی تحریک کو فکری، سماجی اور اخلاقی بنیادیں فراہم کیں۔ اس نے عوام کو غلامی کے عذاب و نقصانات سے روشناس کیا اور قومی اتحاد کا درس دیا نیز آزادی کی جدوجہد کو ادبی قوت عطا کی۔

المختصر یہ کہا جا سکتا ہے کہ آزادی ہند اور اردو ناول کی خدمات کے حوالے سے پریم چندر، سعادت حسن منٹو، راجندر سنگھ بیدی، کرشن چندر، خواجہ احمد عباس، ْ قرۃالعین حیدر،انتظار حسین، عبداللہ حسین، شوکت صدیقی ،غیاث احمد گدی وغیرہ کی ناول نگاری مذکورہ عنوان کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔ آزادی کے بعد بھی اردو ناول نگاروں نے تقسیم، ہجرت، شناخت اور نئی قومی زندگی کے مسائل کو موضوع بنا کر اس روایت کو زندہ رکھا۔ اس اعتبار سے اردو ناول نہ صرف آزادی کی تحریک کا ادبی دستاویز قرار دیاجاتا ہے بلکہ برصغیر کی اجتماعی تہذیب و تمدن کا سب سے معتبر امین بھی ہے۔

حوالہ جات (ماخذ(

(۱)  احتشام حسین، اردو ادب کی تنقیدی مکتبہ جامعہ، نئی دہلی۔

(۲)  محمد حسن، اردو ادب کی تاریخ، مکتبہ جامعہ، نئی دہلی۔

(۳)  گوپی چند نارنگ، اردو ادب اور ہندوستانی تہذیب۔

(۴)  پریم چند، گؤدان(ناول)

(۵)  پریم چند، رنگ بھومی(ناول)

(۶)  قرۃ العین حیدر، آگ کا دریا(ناول)

(۷) کرشن چندر، ایک گدھے کی سرگزشت اورغدار(ناول

(۸)  شوکت صدیقی ، خدا کی بستی(ناول)

(۹)  مختلف رسائل و جرائد

عامر خاں،ریسرچ اسکالر،شعبہ اردو

گورنمنٹ رضا ڈگری کالج، رامپور

 (اتر پردیش) 244901 - 

موبائل نمبر  :  9012765096

***

 📚 ایسے ہی تحقیقی، ادبی اور علمی مضامین کے مطالعے کے لیے قادرالکلام ماہنامہ سے جڑے رہیے۔

🌐 مزید مضامین اور تازہ شمارہ ملاحظہ کریں: www.qadirulkalam.com

No comments:

Post a Comment

اقبال کی بچوں کے لیے نظمیں: ایک جائزہ

علامہ محمد اقبال اردو ادب کے عظیم شاعروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی شاعری جہاں فکری گہرائی اور فلسفیانہ بصیرت کی حامل ہے، وہیں بچوں کے لیے لکھ...